| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی بہتر ریٹنگ
بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کسی فیصلے کے بغیر ختم ہونے والی ٹیسٹ سیریز نے پاکستان اور انگلینڈ کو یہ موقعہ فراہم کر دیا ہے کہ وہ ٹیسٹ ریٹنگ میں آگے بڑھ سکیں۔ اب پاکستان چھٹے سے پانچویں نمبر پر آ سکتا ہے اور انگلینڈ چوتھے سے تیسرے پر۔ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ ٹیبل کے مطابق اس وقت پاکستان کی ٹیسٹ ریٹنگ بانوے ہے، انگلینڈ کی ایک سو چار اور بھارت اور نیوزی لینڈ کی بالترتیب پچانوے اور ایک سو چار ہے۔ جنوبی افریقہ کے ساتھ دوسرے ٹیسٹ میچ میں ڈرا ہی پاکستان کو پانچویں نمبر پر لانے کے لئے کافی ہو گا۔ اس طرح وہ بھارت سے آگے بڑھ جائے گا۔ ریٹنگ کے طریقۂ کار کے مطابق اگر پاکستان جنوبی افریقہ سے ٹیسٹ سیریز دو صفر سے جیتے تو اس کی ریٹنگ ایک سو ہو جائے گی۔ اگر وہ ایک صفر سے جیتے تو اٹھانوے اور اگر یہ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تو وہ چورانوے ہی رہے گی۔ نیوزی لینڈ کو انگلینڈ سے آگے رہنے کے لئے یہ ضروری تھا کہ وہ بھارت میں سیریز جیتے۔ سیری برابر رہنے کا مطلب ہے کہ اب نیوزی لینڈ اور انگلینڈ دونوں کی ریٹنگ ایک سو چار، ایک سو چار ہے۔ اگر انگلینڈ بنگلہ دیش کو دو صفر سے ہرا بھی دیتا ہے تو اس کی ریٹنگ پھر بھی ایک سو چار رہے گی لیکن اس کی پوزیشن نیوزی لینڈ سے بہتر ہو جائے گی جو اس طرح کی ٹیسٹ ٹیبل میں ایک ٹیم کو دوسری ٹیم پر برتری دیتی ہے۔ آسٹریلیا نے زمبابوے کے خلاف دو صفر سے ٹیسٹ سیریز جیت کر اپنی برتری برقرار رکھی ہے اور اس طرح ایک سو تیس کی ریٹنگ سے صفِ اول پر رہا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||