| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
شارجہ کپ کھیلنے پر آمادگی
پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں نے اگلے سال شارجہ کپ ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ ٹورنامنٹ کے منتظم زاہد نورانی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی طرف سے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے پر آمادگی ظاہر کرنے کے بعد شارجہ کپ کی انتظامیہ تیسری ٹیم کو حصہ لینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مسٹر نورانی کے مطابق اس سلسلے میں انتظامیہ نے آسٹریلیا کے ساتھ بھی بات چیت کی ہے۔ گزشتہ اپریل کے بعد یہ متحدہ عرب امارت میں ہونا والا پہلا کرکٹ ٹورنامنٹ ہوگا۔ گزشتہ نو برس سے شارجہ میں سالانہ دو ٹورنامنٹ منعقد ہو رہے ہیں۔ ان میں سے شارجہ کپ اپریل جبکہ چیمپیئن ٹرافی اکتوبر میں منعقد کی جاتی رہی ہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے اس سال ہونے والے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے سے سلامتی کے بارے میں پائے جانے والے خدشات کی بنا پر معذوری ظاہر کی تھی۔ بعد میں آخری وقت پر اس کی جگہ زمبابوے اور کینیا کی ٹیموں کو شامل کیا گیا تھا۔ مسٹر نورانی کے مطابق بین الاقوامی سطع پر مصروف شیڈول کی وجہ سے ٹیموں سے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے بارے میں کوئی وعدہ لینا ایک مشکل کام ہے۔ ’لیکن ہم شارجہ میں کم از کم ایک بین الاقوامی مقابلہ منعقد کرنے کی اپنی روایت کو ختم نہیں کرنا چاہتے۔ اب جبکہ دو بہترین ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے، ہم کسی تیسری ٹیم کی تلاش میں ہیں۔‘ آسٹریلیا کو شارجہ کپ میں حصہ لینے کی صورت میں خصوصی وقت نکالنا پڑے گا کیونکہ پہلے آسٹریلیا کی ٹیم خود سری لنکا کا دورہ کر رہی ہے جبکہ بعد میں اسے آسٹریلیا کا دورہ کرنے والی سری لنکا کی ٹیم کا سامنا کرے گا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||