| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
بنگلہ دیش:دو سو بائیس پر آٹھ آؤٹ
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جانے والے چوتھے ایک روزہ کرکٹ میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے آٹھ وکٹ کے نقصان پر پچاس اوور میں دو سو بائیس رن بنائے ہیں۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ راجن صالح نے کیا جنہوں نے ایک سو اکتیس منٹ میں بانوے گیندوں پر سینتالیس رن بنائے۔ تاہم وہ محمد حفیظ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ بنگلہ دیش کے دیگر کھلاڑیوں میں حنان سرکار پچیس رن بنا کر عبدالرزاق کی ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے، خالد مسعود کوئی رن بنائے بغیر محمد سمیع کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے، حبیب البشر کو سینتیس رن کے اسکور پر محمد سمیع نے رن آؤٹ کیا، آلوک کپالی بارہ رن بنا کر عبدالرزاق کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ تشر عمران تینتیس رن بنا کر عمر گل کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے، خالد محمود کو اٹھارہ رن کے اسکور پر عمر گل نے بولڈ کیا جبکہ محمد رفیق اور مشراف مرتضیٰ دو اور چھ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ عمر گل نے کیا جنہوں نے نو اوور میں ایک میڈن اوور کیا جبکہ محض انتیس رن دے کر دو وکٹ حاصل کیں۔ دیگر پاکستانی کھلاڑیوں میں محمد سمیع نے دس اوور میں اکتالیس رن دے کر دو وکٹ حاصل کیں، عبدالرزاق نے نو اوور میں تینتالیس رن دے کر دو وکٹس حاصل کیں اور محمد حفیظ نے چھ اوور میں بائیس رن دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ شیعب ملک دس اوور میں بتیس رن دے کر اور جنید ضیاء چھ اوور میں چھیالیس رن دے کر کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |