| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
کرکٹ تعلقات کاخیر مقدم
کرکٹ کی بین الاقوامی تنظیم انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جونیئر کرکٹ کع تعلقات کی بحالی کا خیر مقدم کیا ہے۔ کونسل کے صدر احسان مانی نے کہا ہے کہ ’دنیائے کرکٹ اس فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے۔ مجھے امید ہے کہ تعلقات میں یہ بحالی کرکٹ کے کھیل سے وابستہ دو عظیم اقوام کے درمیان کرکٹ کے مکمل تعلقات کی بحالی میں مددگار ثابت ہوں گے۔‘ پیر کو بھارت کے دفتر خارجہ نے ملک کی انڈر نائنٹین کرکٹ ٹیم کو نومبر میں پاکستان میں ہونے والے چار فریقی کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت دے دی تھی۔ بھارتی حکومت نے پاکستان کی جونیئر ٹیم کو دسمبر میں ہونے والے سہ فریقی لمیٹڈ اوور ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت بھی دے دی ہے جس میں سری لنکا بھی کھیلے گا۔ بھارت نے انیس سو نواسی سے پاکستان میں کرکٹ نہیں کھیلی ہے جبکہ پاکستان نے بنیاد پرست ہندو تنظیموں کی دھمکیوں کے باوجود انیس سو ننانوے اور سن دو ہزار میں بھارت میں تین ٹیسٹ کھیلے تھے۔ احسان مانی نے دونوں ممالک کے درمیان فروری میں عالمی کرکٹ کپ کے میچ کو ’اس ٹورنامنٹ کا سب سے زیادہ سنسنی خیز مقابلہ‘ قرار دیا۔ ’کھیل میں یہ گنجائش ہوتی ہے کہ وہ لوگوں میں ہم آہنگی پیدا کرسکے۔ مجھے امید ہے کہ بھارتی حکومت بھارت اور پاکستان کے درمیان خیرسگالی پیدا کرنے کے لئے کرکٹ کے کھیل کو اپنا کردار ادا کرنے دے گی۔‘ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |