| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
انضمام پاکستان ٹیم کے کپتان
انضمام الحق بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی جانے والی ایک روزہ بین الاقوامی سیریز کے دوران پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے کیونکہ کپتان راشد لطیف کے پانچ میچوں میں کھیلنے پر ممانعت عائد کر دی گئی ہے۔ راشد لطیف نے ایک کیچ پکڑنے کے سلسلے میں غلط بیانی کی تھی جس کے باعث بنگلہ دیش کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہو گیا تھا جبکہ ٹی وی پر دکھائے گئے ری پلے میں گیند زمین سے ٹکرا گئی تھی اور اس بنا پر بنگلہ دیش کی ٹیم نے باضابطہ اعتراض کیا اور میچ کے ریفری مائک پروکٹر نے راشد لطیف پر پابندی عائد کر دی۔ پاکستان کے کرکٹ حکام نے راشد لطیف پر پابندی کے خلاف اپیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم چھبیس ستمبر کو جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان کھیلی جانے والی ایک روزہ بین الاقوامی اور ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں راشد لطیف شرکت کر سکیں گے۔ انضمام الحق کے مطابق ٹیم کو اس بات پر افسوس ہے کہ راشد لطیف ممانعت کے باعث ایک روزہ سیریز میں شامل نہیں ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم راشد کی حمایت کرتی ہے اور وہ راشد کے لیے یہ سیریز جیتے گی۔ راشد لطیف کی جگہ کامران اکمل اکیس ستمبر کو ختم ہونے والی ایک روزہ سیریز میں وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ انضمام گزشتہ برس زمبابوے کے خلاف دو ایک روزہ میچوں میں وقار یونس کی جگہ اور دو برس قبل نیوزی لینڈ میں معین خان کی جگہ کپتانی کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ کرکٹ ورلڈ کپ میں غیر معیاری کارکردگی کی بنا پر انضمام کو عارضی طور پر ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |