| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
راشد لطیف: فیصلے کا انتظار
راشد لطیف ملتان میں کھیلے گئے میچ میں فتح کے بعد متنازعہ کیچ کے ضمن میں ہونے والی ایک سماعت پیش ہوئے۔ ٹیم کے منیجر ہارون رشید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملتان میں فتح سے پاکستان نے بنگلہ دیش کو ٹیسٹ سیریز میں صفر کے مقابلے میں تین سے شکست دے دی۔ توقع ہے کہ مائک پروکٹر اتوار کو اپنے فیصلے کا اعلان کریں گے۔ کیچ کے متنازعہ ہونے کا مسئلہ میچ کے تیسرے روز پیدا ہوا جب راشد لطیف نے چھلانگ لگا کر زمین کے بہت قریب سے کیچ لے کر بنگلہ دیش کے الوک کپالی کو آؤٹ کر دیا۔ ایمپائر اشوکا ڈسلوا نے اس فیصلے کے لیے تھرڈ ایمپائر سے رجوع نہیں کیا لیکن بہت سے لوگوں کا میچ کے بعد یہ کہنا تھا کہ ٹی وی پر دکھائے گئے ریپلے میں گیند زمین سے ٹکرا گئی تھی۔ کرکٹ کے ضابطے کے مطابق اگر فیلڈر ایمپائر کو صحیح صورت حال سے آگاہ نہ کرے تو فیلڈر آئی سی سی کے ضابطہِ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا جا سکتا ہے۔ تاہم پاکستان کے کپتان راشد لطیف نے کہا ہے کہ انہوں نے کسی قسم کی دھوکہ دہی نہیں کی۔ ان کا کہنا ہے کہ ’اگر گیند زمین سے ٹکرا جاتا تو میں بیٹسمین کو واپس بلا لیتا‘۔ اس سال کے اوائل میں کرکٹ ورلّ کپ کے دوران راشد لطیف آئی سی سی کے ریفری کے سامنے بھی پیش ہو چکے ہیں۔ ان کا الزام تھا کہ آسٹریلیا کے ایڈم گلکرسٹ نے نسل پرستی پر مبنی کلمات استعمال کیے تھے۔ تاہم کلائیو لائڈ نے ان الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |