| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
انجو کی تاریخی چھلانگ
بھارت کی انجو بےبی جارج پیرس میں ہونے والے عالمی اتھلیٹِکس چیمپیئن شِپ میں لانگ جمپ یعنی لمبی چھلانگ کے مقابلے میں کانسی کا تمغہ حاصل کرکے ایتھلیٹِکس کے عالمی مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والی پہلی بھارتی خاتون بن گئی ہیں۔ سنیچر کے روز پیرس کے اسٹیڈیم میں پچپن ہزار شائقین کی موجودگی میں انجو نے خواتین کی چھ اعشاریہ سات صفر میٹر کی لمبی چھلانگ کے مقابلے میں تیسرا مقام حاصل کیا۔ انجو نے بھارت میں چھ اعشاریہ سات چار میٹر کا ریکارڈ بناکر قومی اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس مقابلے میں چھ اعشاریہ نو نو میٹر کود کر فرانس کی یونِس بربر نے سونے کا تمغہ حاصلہ کیا جبکہ روس کی تاتیانا کوتوا نے دوسرے نمبر پر آکر چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ چھبیس سالہ انجو جارج کا تعلق بھارت کی ریاست کیرالہ سے ہے۔ انہوں نے بوسان میں ہوئی ایشیائی چیمپیئن شِپ میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا جبکہ مانچسٹر میں دولت مشترکہ کے مقابلوں میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ انجو بھارت کے شہر چیننئ یعنی مدراس میں محکۂ ٹیکس میں افسر ہیں۔ ان کے شوہر بھی ایک کھلاڑی ہیں۔ ایتھنز میں اگلے سال ہونے والے اولمپِک مقابلے میں وہ ملک کے لئے تمغہ حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ سن دوہزار میں سِڈنی اولمپِک کھیلوں میں وہ چوٹ لگنے کی وجہ سے شریک نہیں ہوسکی تھیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |