| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی جیت
کراچی ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر دو سو سترہ رنز بنا کر بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے ہرا دیا۔ یاسر حمید نے دوسری سنچری سکور کی اور انہوں نے ایک سو پانچ رنز بنائے۔یاسر حمید نے پہلی اننگز میں بھی سنچری سکور کرتے ہوئے ایک سو ستّر رنز بنائے تھے جو اپنے پہلے میچ میں کسی پاکستانی کھلاڑی کا ریکارڈ ہے۔ اپنے پہلے ہی میچ کی دونوں اننگز میں سنچری سکور کرنے والے وہ دنیا کے دوسرے بیٹسمین بن گئے ہیں۔ اس سے قبل سن انیس سو اکہتر بہتّر میں یہ اعزاز ویسٹ انڈیز کے لارنس رو نے جمیکا میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے حاصل کیا تھا۔ اوپنر بیٹسمین محمد حفیظ نے اپنی نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے پچاس سکور کیا۔ انضمام الحق نے جو پہلی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوگئے تھے پینتیس رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ یوسف یوحنا پندرہ کے سکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پہلی اننگز میں انہوں نے چھیالیس رنز بنائے تھے۔ بیٹنگ میں پاکستانی کارکردگی کی ایک اور خاص بات پہلی اننگز میں کپتان راشد لطیف کی نصف سنچری ہے۔ انہوں نے چوّن رنز بنائے تھے اور ناٹ آوٹ رہے تھے۔ گزشتہ روز جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر ایک سو بارہ رنز پر کھیل رہی تھی۔ یاسر حمید اڑسٹھ اور محمد حفیظ اڑتیس رنز پر کھیل رہے تھے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے پہلی اننگز میں نمایاں سکور کرنے والوں میں حبیب البشر، اکہتر، الوک کپالی، چھیالیس اور حنان سرکار، اکتالیس، شامل ہیں۔ دوسری اننگز میں حبیب البشر نے ایک سو آٹھ، راجن صالح نے ساٹھ جبکہ حنان سرکار نے تیس رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ کامیاب بالر شبیر احمد رہے جنہوں نے اڑتالیس رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں، مجموعی طور پر انہوں نے آٹھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسرے کامیاب باؤلر دانش کنیریا رہے جہنوں نے پچاسی رنز دیکر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے مجموعی طور پر چھ وکٹیں حاصل کیں۔ دوسرے بالز میں مجموعی طور پر شعیب اختر نے تین، عمر گل نے دو اور محمد حفیط نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ بنگلہ دیش کی طرف سے سب سے کامیاب بالر محمد رفیق رہے۔ انہوں نے مجموعی طور پر پانچ کھلاڑی آؤٹ کیے۔ اسکور: بنگلہ دیش پہلی اننگز: دو سو اٹھاسی، آل آؤٹ بنگلہ دیش دوسری اننگز: دو چوہتر، آل آؤٹ پاکستان پہلی اننگز: تین سو چھیالیس، آل آؤٹ پاکستان دوسری اننگز: دوسو سترہ، تین کھلاڑی آؤٹ یہ میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |