| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
فائنل کی طرف گامزن
نیدرلینڈ کے شہر ایمسٹلوین میں پچیسویں چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے سلسلے میں پاکستان اور جرمنی کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے ایک میچ میں پاکستان نے جرمنی کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرا کر چیمپیئنز ٹرافی میں اپنی پوزیشن مستحکم کرلی ہے۔ پاکستان کی ٹیم شروع سے ہی کھیل پر حاوی رہی اور ناتجربہ کار جرمنی کی ٹیم کو کسی موقع پر کْھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ پاکستانی فارورڈ لائن نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کی طرف سے کاشف جواد نے دو گول جبکہ سہیل عباس، ریحان بٹ اور سلیم خالد نے ایک ایک گول کیے۔ جرمنی کی طرف سے بینیڈکٹ سپرلنگ اور بینجامن کوپ نے گول کیے۔ اب پاکستان کا آخری گروپ میچ روایتی حریف بھارت سے ہے جو ٹورنامنٹ میں میڈل کی دوڑ سے باہر ہوچکا ہے لیکن اپنا وقار بحال کرنے کے لیے وہ پاکستان کے خلاف میچ جیتنے کے لیے بھر پور کوشش کرے گا۔ اگر پاکستان یہ میچ جیت جاتا ہے تو انیس سو اٹھانوے کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب پاکستان چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل کھیلنے کے لیے کوالیفائی کرے گا۔ فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔ جمعرات کو کھیلے گئے دوسرے میچ میں ہالینڈ نے ارجنٹینا کو ایک آسان مقابلے کے بعد تین کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دیدی۔ اس وقت ہالینڈ گروپ میں برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔ واضح رہے کہ ہالینڈ چیمپیئنز ٹرافی کا حالیہ چیمپیئن ہے اور اپنے اعزاز کا دفاع کر رہا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |