کولمبو ٹیسٹ: سری لنکا کی پوزیشن مضبوط

،تصویر کا ذریعہAFP
کولمبو میں سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر میزبان ٹیم کو اپنی دوسری اننگز میں 288 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔
تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن جب کھیل کا اختتام ہوا تو سری لنکن ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز بنا لیے تھے۔
سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں کوشل سلوا نے 115 رنز کی اننگز کھیلی۔
٭ <link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/ECKP90948" platform="highweb"/></link>
آسٹریلیا کی طرف سے نیتھن لیون سب سے کامیاب بولر رہے۔ انھوں نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل سری لنکا کے 355 رنز کے جواب میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 379 رنز بنائے تھے۔ اس طرح اسے 24 رنز کی برتری بھی حاصل ہوگئی تھی۔
آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں شان مارش اور کپتان سٹیون سمتھ نے سنچریاں اور مچل مارش نے نصف سنچری سکور کی۔
خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سری لنکا کو پہلے ہی دو صفر کی برتری حاصل ہے۔
سری لنکا کی جانب سے اس سیریز میں سب سے کامیاب بولر رنگانا ہیراتھ رہے ہیں جو اب تک 21 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAP
دوسری جانب انڈیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ جمعرات سے پورٹ آف سپین میں کھیلا جانے والا ہے۔
انڈیا کو اس سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہے۔
سری لنکا اور آسٹریلیا، انڈیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلی جانے والی ان سیریز کے نتائج کا آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ پر کیا اثر پڑے گا؟
- اگر آسٹریلیا کولمبو ٹیسٹ جیت جاتا ہے اور ویسٹ انڈیز پورٹ آف سپین ٹیسٹ جیتنے یا ڈرا کرنے میں کامیاب ہوتا ہے تو آسٹریلیا رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہی رہے گا۔
- انڈیا کو عالمی نمبر ایک رینکنگ حاصل کرنے کے لیے ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ ہر حال میں جیتنا ہوگا۔
- پاکستان حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز دو دو سے برابر کرنے میں کامیاب ہو چکا ہے، لیکن پاکستان کا عالمی نمبر ایک ٹیم بننے کے لیے ضروری ہے کہ سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں اپنے اپنے آخری میچوں میں یا تو کامیابی حاصل کریں یا پھر ڈرا کرنے میں کامیاب ہو جائیں۔
اس وقت ٹیسٹ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی میں آسٹریلیا 118 پوائنٹس کے ساتھ پہلے انڈیا 112 پوائنٹس کے دوسرے اور پاکستان 111 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP



