’میں بھی شاہد آفریدی کی فین ہوں‘

- مصنف, غضنفر حیدر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، برمنگھم
نوبیل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی پاکستانی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کے لیے سنیچر کو ایجبسٹن ٹیسٹ میچ دیکھنے آئی تھیں۔
ملالہ نے بی بی سی کی ٹیسٹ میچ سپیشل ٹرانسمیشن میں کمنٹری باکس سے فارغ ہونے کے بعد صحافیوں سے بات کی اور مختلف سوالات کا جواب دیا۔
٭ <link type="page"><caption> ملالہ یوسف زئی کو ٹیسٹ میچ دیکھنے کی دعوت</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/sport/2016/07/160721_pcb_invitation_malala_hk" platform="highweb"/></link>
ملالہ یوسف زئی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دعائیں پاکستان کے ساتھ ہیں اور وہ ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں ٹیم کا حوصلہ بڑھانے آئی ہیں۔
اپنے پسندیدہ کھلاڑی کے بارے میں سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ سارے کھلاڑی ان کی فیورٹ ہیں اور وہ اس معاملے میں تفریق کا مظاہرہ نہیں کریں گی۔
شاہد آفریدی کے بارے میں سوال کے جواب میں ملالہ نے کہا کہ ’شاہد آفریدی تو سب کے فیورٹ ہیں اور آج یہاں نہیں ہیں لیکن پھر کبھی انشاللہ ان کا بھی میچ دیکھنے آئیں گے۔ سب انھیں بوم بوم آفریدی کہتے ہیں اور ہم بھی ان کے فین ہیں۔‘
ملالہ نے کہا کے وہ پاکستان میں کبھی میچ دیکھنے نہیں گئی اور یہ ان کا پہلا ٹیسٹ میچ ہے جبکہ ون ڈے میچ وہ اس سے پہلے دیکھ چکی ہیں۔
ملالہ نے یہ بھی کہا کے یہ میچ اس حوالے سے خاص ہے کہ یہ برمنگھم میں ہو رہا ہے جہاں وہ رہتی ہیں۔
ملالہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ٹیم کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے اور وہ پاکستان ٹیم کو داد دینا چاہیں گی کہ وہ ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔
پاکستان واپسی پر سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ’میرا تو یہی خواب ہے کے میں پاکستان واپس جاؤں اور وہاں پر کام کروں۔ میں نے یہ مہم پاکستان سے ہی شروع کی تھی اور اگر وہاں نہیں کروں گی تو یہ ادھوری ہوگی، وہاں کے بچوں کے لیے میرا ایک خاص نظریہ ہے اور میں چاہتی ہوں کہ وہاں کی ہر بچی کو تعلیم ملے۔‘



