بیلجیئم نے جمہوریہ آئرلینڈ کو باآسانی ہرا دیا

بیلجیئم سٹرائیکر رومیلو لوکاکو نےآئرلینڈ کے خلاف میچ میں دوگول کیے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنبیلجیئم سٹرائیکر رومیلو لوکاکو نےآئرلینڈ کے خلاف میچ میں دوگول کیے

یوروکپ 2016 کے گروپ ای کے میچ میں بیلجیئم نے جمہوریہ آئرلینڈ کو تین گول کےفرق سے ہرا کر اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔

اٹلی کے خلاف اپنے پہلے میچ میں بیلجیئم کی ٹیم بکھری بکھری نظر آئی اور اٹلی سے دو گولوں سے ہار گئی تھی۔

جمہوریہ آئرلینڈ کی ٹیم جس نے سویڈن کے خلاف اپنے پہلے میچ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور میچ برابری پر کھیلی اس میچ ایک بار بھی بیلجیئم کے گول کیپر تیبا کوتوا کو پریشان نہ کرسکی ۔

بیلجئیم کی ٹیم یورپ کے بڑے کلبوں میں کھیلنے والے مشہور کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جن انگلش فٹبال کلب چیلسی کے لیے کھیلنے والے ایڈن ہیزاڈ اور تیبا کوتوا، مانچسٹرسٹی کے ڈی برائینا، لیورپور کے اوریگی اور کرسچیئن بینٹکے شامل ہیں۔

بیلجیئم کے سٹرائیکر رومیلو لوکاکو نے دوسرے ہاف میں دو گول کیے جبکہ مڈ فیلڈر وٹسل نے ایک گول سکور کیا۔

بیلجئیم نے اس میچ میں سینٹر فارورڈ کرسچیئن بینٹکے کو مڈ فیلڈ میں کھیلا ۔کر سچیئن بینٹکے ایک سال پہلے تک بیلجیئم کے سب سےاہم سٹرائیکر سمجھے جاتے تھے لیکن اب ان کی جگہ نوجوان کھلاڑی رومیلو لوکاکو نے لے لی ہے۔

بیلجئیم کے ہاتھوں شکست کے بعد جمہوریہ آئرلینڈ کے اگلے مرحلے میں جانے کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں۔ آئرلینڈ کو اپنا اگلا میچ اٹلی سے کھیلنا ہے۔ اگر جمہوریہ آئرلینڈ بدھ کے روز اٹلی کے خلاف اپنا میچ جیت لے تو وہ پھر اس کے آخری سولہ ٹیموں میں شمولیت کے امکانات ہو سکتے ہیں۔

بیلجیئم کے خلاف میچ میں آئرلینڈ صرف ایک فارورڈ کے ساتھ کھیلا لیکن اس کا یہ تجربہ ناکام رہا اور واحد سٹرائیکر شین لانگ شاذو نادر ہی گیند تک پہنچ پائے۔