’کرکٹ میں پوائنٹ سکورنگ سسٹم حماقت ہے‘

،تصویر کا ذریعہGetty
انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹ کپتان مائیکل وان نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان موسمِ گرما میں ٹیسٹ سیریز کے لیے پوائنٹ سکورنگ کا نظام متعارف کروانے کے منصوبے کو’حماقت‘ قرار دیا ہے۔
ادھر سری لنکا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اینجلو میتھیوز نے بھی اس نظام کو متعارف کروانے کے منصوبے پر سوال اٹھایا ہے۔
مائیکل وان کے مطابق امید کی جا رہی ہے کہ کرکٹ میں ایسا نظام متعارف کروایا جائے گا جس کے مطابق ٹیسٹ، ایک روزہ اور ٹی 20 میچوں میں ایوارڈ پوائنٹس دے جائیں گے۔
سابق انگلش کپتان کا کہنا ہے اس نظام سے کرکٹ میں پیچیدگیاں پیدا ہوں گی اور اس کی ضرورت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور ایک ٹی 20 میچ کھیلا جائے گا۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اس حوالے سے پاکستان اور سری لنکا کے بورڈز کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے اور کسی فیصلے پر پہنچنے سے پہلے دونوں بورڈوں کی رضا مندی ضروری ہے۔
تاہم انگلینڈ کے سابق کپتان کا کہنا ہے: ’میرے خیال سے یہ ایک احمقانہ خیال ہے۔ کبھی کبھی بہت سے دماغ معاملات کو مشکل بنا دیتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیریز کے اختتام پر ایک چبوترے پر آپ 45 کھلاڑیوں کا کیا کریں گے؟
آسٹریلیا کے سابق بولر جیسن گلیسپی نے کرکٹ میں پوائنٹ سکورنگ کا نظام متعارف کروانے کی حمایت کی ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
دوسری جانب سری لنکا کے ٹیسٹ کرکٹ کپتان اینجلو میتھیوز نے بھی انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف شروع ہونے والی سیریز کے دوران پوائنٹ سکورنگ کا نظام متعارف کروانے کے منصوبے پر سوال اٹھایا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اینجلو میتھیوز نے جمعے کو لارڈز میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا: ’میں روایتی کرکٹ سے دور ہونے کو پسند نہیں کرتا تاہم منتظمین اس حوالے سے جو بھی فیصلہ کریں گے ہمیں اس کی پابندی کرنی ہو گی اور آگے بڑھنا ہو گا۔‘
28 سالہ آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ ہمیں اس کا تجربہ کرنا ہو گا اور پھر دیکھنا ہو گا کہ آیا یہ اچھا ہے یا برا۔
اینجلو میتھیوز کے مطابق ’میں کرکٹ کی روایات سے دور ہونے کو پسند نہیں کرتا اور مجھے ٹیسٹ کرکٹ کے پرانے پانچ دن ہی پسند ہیں۔‘
سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز 17 مئی سے شروع ہو گی۔
سری لنکا کو اس سیریز کے دوران کمار سنگا کارا اور جے وردھنے کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔ سری لنکا کے یہ دونوں معروف بیٹسمین کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔



