پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی ٹرافی کا پہلا پڑاؤ آرمی پبلک سکول میں

،تصویر کا ذریعہPCB
آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی ٹرافی دو روزہ دورے پر پاکستان آئی ہے اور پیر کے روز یہ ٹرافی پشاور کے آرمی پبلک سکول لائی گئی جہاں ایک تقریب میں سکول کے طلبہ نے اس کی رونمائی کی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پشاورکے علاوہ لاہور کو اس ٹرافی کے سفر کے لیے منتخب کیا ہے۔ پشاور اس وقت ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن ہے۔
پشاور میں اس ٹرافی کی آمد پر پاکستان کے ون ڈے کپتان اظہر علی نے سکول کی پرنسپل کو پاکستانی ٹیم کی شرٹ سووینئر کے طور پر پیش کی۔
سکول کے طلبہ اور سٹاف نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق اظہرعلی کا کہنا تھا کہ سب کی خواہش ہے کہ پاکستانی ٹیم شاہد آفریدی کی قیادت میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا اعزاز جیتے۔ اس جیت کو آرمی پبلک سکول پر حملے میں ہلاک ہونے والوں کے نام کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 16 دسمبر 2014 کو اسی سکول کے سو سے زائد طلبہ دہشت گردی کا نشانہ بنے تھے۔
یہ ٹرافی منگل کے روز لاہور جائے گی جہاں لاہور جمخانہ میں اس کا فوٹو سیشن ہوگا جس کے بعد پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ثنا میر اور دیگر کھلاڑی ٹرافی کو کنیرڈ کالج لے جائیں گی اور پھر آخری مرحلے میں ٹرافی قذافی سٹیڈیم پہنچے گی۔

،تصویر کا ذریعہPCB
پاکستان کے بعد ٹرافی کی اگلی منزل بنگلہ دیش ہوگی۔
آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی آٹھ مارچ سے تین اپریل تک بھارت میں کھیلا جائے گا۔



