پہلی پاکستان سپر لیگ فروری میں قطر میں ہوگی

پہلی سپر لیگ میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی جن کے درمیان مجموعی طور پر 24 میچز کھیلےجائیں گے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنپہلی سپر لیگ میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی جن کے درمیان مجموعی طور پر 24 میچز کھیلےجائیں گے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلی پاکستان سپر لیگ آئندہ سال چار سے 24 فروری تک قطر کے دارالحکومت دوحا میں منعقد کروانے کا اعلان کردیا ہے۔

سپر لیگ کی گورننگ کونسل کے چیرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پہلی لیگ میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی جن کے درمیان مجموعی طور پر 24 میچز کھیلےجائیں گے۔

<link type="page"><caption> سپر لیگ ملتوی </caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/sport/2013/02/130208_pakistan_super_league_rwa" platform="highweb"/></link>

سپر لیگ کی انعامی رقم 10 لاکھ ڈالرز بتائی گئی ہے۔

نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ بھارت کے سوا دیگر تمام ممالک کے قابلِ ذ کر کرکٹرز نے سپر لیگ میں کھیلنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اس کے علاوہ متعدد غیرملکی کوچز بھی سپر لیگ میں دلچسپی رکھے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ فرنچائز کے مالکان، براڈکاسٹرز اور سپانسرز کی تفصیلات اگلے تین ماہ میں طے کر لی جائیں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئی پی ایل کی طرز پر ٹی ٹوئنٹی لیگ کے انعقاد کے لیے کافی عرصے سے کوشاں رہا ہے لیکن ایک بڑی رقم خرچ کرنے کے باوجود بھی مختلف وجوہات کے سبب یہ لیگ منعقد نہیں ہو سکی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپر لیگ کی رپورٹ تیار کرنے کے لیے آئی سی سی کے سابق چیف ایگزیکٹیو ہارون لوگارٹ کی خدمات بھی حاصل کی تھیں جنہیں فیس کی مد میں سوا لاکھ ڈالرز کی ادائیگی کی گئی۔

اس وقت بھی سپر لیگ کے سیکریٹریٹ میں بھاری تنخواہوں اور مراعات پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے کئی تقرریاں کر رکھی ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ سکیورٹی کے خدشات کے سبب یہ لیگ پاکستان میں کروانے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے جس کے بعد اس کی پہلی ترجیح متحدہ عرب امارات تھی۔

تاہم جن تاریخوں میں پاکستان یہ لیگ کروانا چاہتا ہے ان تاریخوں میں دبئی، شارجہ اور ابوظہبی کے گراؤنڈز ماسٹر لیگ کی وجہ سے دستیاب نہیں ہیں جس کا منصوبہ ایک پاکستانی بزنس مین نے بنا رکھا ہے۔

خیال رہے کہ دوحا میں صرف ایک ہی سٹیڈیم موجود ہے جس میں سپر لیگ کے تمام میچ کھیلے جائیں گے۔