مے ویدر سے ڈبلیو بی او کی بیلٹ واپس لے لی گئی

مے ویدر سے امید کی جارہی ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ سے پہلے ایک آخری میچ 12 ستمبر کو کھیلیں گے

،تصویر کا ذریعہbbc

،تصویر کا کیپشنمے ویدر سے امید کی جارہی ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ سے پہلے ایک آخری میچ 12 ستمبر کو کھیلیں گے

پانچ بار ورلڈ چیمپیئن اور معروف امریکی باکسر فلوئڈ مے ویدر سے فلپائن کے میني پیکئیو کو شکست دینے کے بعد جیتی گئی ورلڈ باکسنگ چیمپیئن شپ کی بیلٹ واپس لے لی گئی ہے۔

38 سالہ مے ویدر کے پاس جولائی کی تین تاریخ تک کا وقت تھا، جس میں انھیں ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن کی دو لاکھ ڈالر کی منظوری کی رقم ادا کرنا تھی جسے وہ وقت پر نہ دے سکے۔

.مے ویدر سے امید کی جا رہی تھی کہ وہ ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن کا ٹائٹل چھوڑ دیں گے۔ انھوں نے میني پیکیاؤ سے جیت کے بعد اس بات کا اعلان بھی کیا تھا۔

اس مقابلے کو دنیا کا سب سے مہنگا مقابلہ کہا گیا تھا اور اس نے 40 کروڑ ڈالر سے زیادہ کا بزنس کیا تھا۔

مے ویدر سے لی گئی بیلٹ اب ان کے ہم وطن ٹِموتھی بریڈلی کو دے دی جائے گی۔

مے ویدر نے میني پیکیاؤ سے جیت کے بعد کہا تھا کہ وہ اپنے تمام جیتے ہوئے ٹائٹل رضاکارانہ طور پر نئے آنے والے باکسروں کے لیے چھوڑ دیں گے تاکہ انھیں موقع مل سکے۔

ورلڈ باکسنگ چیمپیئن شپ کی ویب سائٹ پرجاری کیے گئے بیان میں لکھا گیا تھا کہ ’ورلڈ باکسنگ چیمپیئن شپ کمیٹی کے پاس اور کوئی چارہ نہیں ہے سوائے اس کے کہ وہ مے ویدر جونیئر سے ڈبلیو بی او ویلٹر ویٹ چیمپیئن کا اعزاز واپس لے لے۔‘

خیال رہے کہ مے ویدر، جن کے پاس ڈبلیو بی اے اور ڈبلیو بی سی کے ویلٹر ویٹ ڈویژن کے اعزازات موجود ہیں، کے پاس اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کے لیے 20 جولائی تک کا وقت ہے۔

مے ویدر سے امید کی جارہی ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ سے پہلے ایک آخری میچ 12 ستمبر کو کھیلیں گے۔ انھوں نے ابھی تک اس میچ کے لیے اپنے حریف کا اعلان نہیں کیا۔ تاہم برطانوی نژاد پاکستانی باکسر عامر خان ان سے میچ کو کھیلنے کے خواہش مند ہیں۔