محمد عرفان فٹ، حارث سہیل کی شرکت مشکوک

حارث سہیل ایڑی کی تکلیف کے سبب شاید میدان میں نہ اترسکیں: مصباح الحق

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنحارث سہیل ایڑی کی تکلیف کے سبب شاید میدان میں نہ اترسکیں: مصباح الحق
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، آکلینڈ

پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ورلڈ کپ کے اپنے پانچویں میچ میں ہفتے کے روز ایڈن پارک میں مدمقابل ہو رہی ہیں۔

فاسٹ بولر محمد عرفان فٹ ہوگئے ہیں اور کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ وہ میچ کھیلیں گے لیکن حارث سہیل ایڑی کی تکلیف کے سبب شاید میدان میں نہ اترسکیں اور ان کی جگہ یونس خان کی ٹیم میں واپسی متوقع ہے۔

محمد عرفان متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ میں کولہے کی تکلیف کے سبب صرف تین اوورز کرانے کے بعد میدان سے باہر چلے گئے تھے۔

جنوبی افریقہ نے عالمی کپ میں چار میں سے تین میچز کھیلے ہیں جن میں سے ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ کے خلاف آخری مسلسل دو میچوں میں اسے چار سو سے زیادہ رنز سکور کیے ہیں۔

اے بی ڈی ویلیئرز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک سو باسٹھ رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی جس میں آٹھ چھکے اور سترہ چوکے شامل تھے۔

جنوبی افریقہ نے اپنے فاسٹ بولرز کی موجودگی میں لیگ سپنر عمران طاہر کو بھی عمدگی سے استعمال کیا ہے جو چار میچوں میں نو وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جن میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پنتالیس رنز کے عوض پانچ وکٹوں کی عمدہ کارکردگی بھی شامل ہے۔

عمران طاہر پاکستان کے خلاف سات ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں بارہ وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جس میں سب سے بہترین بولنگ ترپن رنز کے عوض چار وکٹ ہے۔

پاکستانی ٹیم مسلسل دو میچوں میں شکست کے بعد مسلسل دو میچز جیتی ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف شکست اس کی مشکلات میں اضافہ کرسکتی ہے لیکن جیت کی صورت میں اس کے کوارٹرفائنل میں پہنچنے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔

جمعہ کو ویسٹ انڈیز اور بھارت جبکہ ہفتے کے روز آئرلینڈ اور زمبابوے کے میچ سے بھی گروپ بی کی شکل بڑی حد تک واضح ہوجائے گی۔ تاہم مبصرین کا خیال ہے کہ پاکستانی ٹیم کوارٹرفائنل میں پہنچے گی یا نہیں ؟ اس کا فیصلہ پندرہ مارچ کو پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ سے ہی ہوگا۔

جنوبی افریقہ اور پاکستان کےد رمیان آخری بار ون ڈے میں مقابلہ نومبر دو ہزار تیرہ میں ہوا تھا جب پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ میں کھیلی گئی تین ون ڈے میچوں کی سیریز دو ایک سے جیتی تھی۔