’سینیئر کھلاڑیوں کو کھلانے یا نہ کھلانے پر دباؤ نہیں‘

موجودہ ٹیم میں بہت سے کھلاڑی نوجوان اور ناتجربہ کار ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنموجودہ ٹیم میں بہت سے کھلاڑی نوجوان اور ناتجربہ کار ہیں
    • مصنف, عادل شاہ زیب
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کرائسٹ چرچ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سنیچر کو ہونے والے میچ میں کنڈیشن اور پچ دیکھ کر ٹیم کا انتخاب کیا جائےگا۔

بی بی سی سے خصوصی بات کرتے ہوئے مصباح کا کہنا تھا کہ سینیئر کھلاڑیوں کو کھلانے یا نہ کھلانے کے حوالے سے ان پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا’ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے قبل دیکھیں گے جو بھی بہترین کامبینیشن ہوگا اسے کھلایا جائے گا۔‘

بھارت کے خلاف یونس خان سے اوپننگ اور عمر اکمل سے کیپننگ کروانے کا فیصلہ تو ہار کی وجہ نہیں بنا تھا؟

اس سوال کے جواب میں مصباح کا کہنا تھا ’جس طرح ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تھا بڑی حد تک میچ پاکستان کے ہاتھ میں تھا، لیکن اس کے بعد جیسے آٹھ نو گیندوں پر ہمارے بلے باز آؤٹ ہوئے وہاں میچ ہمارے ہاتھ سے نکل گیا تھا۔‘

پاکستانی کپتان سے جب یہ پوچھا گیا کہ تمام بلے بازوں میں صرف وہی آخر تک کریز پر موجود رہتے ہیں اور سکور کر رہے ہیں۔اس کی کیا وجہ ہے؟

مصباح کا جواب تھا ’موجودہ ٹیم میں بہت سے کھلاڑی نوجوان اور ناتجربہ کار ہیں ۔ کچھ تو ایسے ہیں جنھوں نے 50 سے بھی کم ایک روزہ میچ کھیلے ہیں۔ شاید وہ پریشر کی وجہ سے جلد آؤٹ ہو جاتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہاکہ’ کھلاڑیوں کو سمجھایا ہے تمام اوورز کھیلنے کی کوشش کریں ۔‘

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ کے بعد ٹیم میٹنگ میں غلطیوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ کوشش کریں گے آئندہ میچوں میں وہ غلطیاں نہ دوہرائی جایں۔

حارث سہیل کے ہوٹل کے کمرے میں بھوت کے حوالے کیے گیے سوال کے جواب میں مصباح نے کہا ’ایسا کچھ نہیں ہے کبھی کبھار آپ کو نفسیاتی طور پر لگتا ہے کہ کوئی ہے۔ اس کے بعد سے حارث سہیل اچھی کارکردگی دکھا رہا ہے اور اچھی بلے بازی کر رہا ہے۔‘