ریئل میڈرڈ مسلسل 10ویں سال امیر ترین کلب

،تصویر کا ذریعہEPA
ہسپانوی فٹبال کلب ریئل میڈرڈ کو لگاتار 10ویں برس دنیا کا امیر ترین فٹبال کلب قرار دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سال 2013-2014 میں کمائی کے لحاظ سے مانچسٹر یونائیٹڈ چوتھی سے دوسری پوزیشن پر آ گیا ہے جبکہ ریئل میڈرڈ کا روایتی حریف بارسلونا چوتھی پوزیشن پر رہا۔
اس سے پہلے مانچسٹر یونائیٹڈ لگاتار آٹھ سال تک امیر ترین کلبوں میں سرفہرست رہ چکا ہے۔
اس کے علاوہ چیلسی، آرسنل، لیور پول،مانچسٹر سٹی کی آمدن میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
ڈیلائٹے کی مرتب کردہ رپورٹ کے مطابق بائرن میونخ تیسری، بارسلونا چوتھی اور پیرس سینٹ جرمین پانچویں پوزیشن پر ہیں۔
ڈیلائٹے کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے 20 امیر ترین فٹبال کلبوں کی مجموعی کمائی 14 فیصد اضافے کے بعد چھ اعشارہ دو ارب یورو تک پہنچ گئی ہے۔
ریئل میڈرڈ نے گذشتہ سال یورپین کپ اور میڈرڈ کے ہی کلب ایتھلیٹکو میڈرڈ کو شکست دے کر چیمپیئنز لیگ جیتی تھی اور اس کی کمائی 54 کروڑ 95 لاکھ یورو تک پہنچ گئی۔
ریئل میڈرڈ کے نشریات کے حقوق اور اشتہارات کی مد میں ہونے والی آمدن میں آٹھ سے نو فیصد تک اضافہ ہوا۔
ڈیلائٹےکے سینیئر مینجر آسٹن ہولیہان کے مطابق پریمیئر لیگ کے نئے نشریاتی معاہدے کی نتیجے میں آمدن میں بڑا اضافہ ہوا۔
’حقیقت میں 2013-2014 کے دوران پریمیئر لیگ میں شامل تمام کلبوں کی آمدن میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ 20 امیر کلبوں سے آٹھ انگلش کلبوں نے نشریاتی حقوق کے ضمن میں ایک اعشاریہ ایک ارب یورو کمائے۔



