ورلڈ کپ: 30 کھلاڑیوں کا اعلان، سعید اجمل سکواڈ میں شامل
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے 30 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا جس میں سپنر سعید اجمل بھی شامل ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق پاکستان نے ورلڈ کپ 2015 کے لیے ابتدائی 30 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستانی سیلیکٹرز نے سعید اجمل کو ٹیم میں شامل کیا ہے لیکن اتوار کو پاکستان کو ایک اور دھچکہ اس وقت لگا جب آل راؤنڈر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن بھی غیر قانونی قرار دے دیا گیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty
ورلڈ کپ 2015 کے لیے 30 کھلاڑیوں میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میچ کھیلنے والے تمام کھلاڑی شامل ہیں۔
کھلاڑیوں کی فہرست میں کامران اکمل، شعیب ملک، سعید اجمل اور جنید خان بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ عبد الرحمان، اظہر علی، محمد طلحہ، فواد عالم، بابراعظم، عمران خان، احسان عادل اور محمد طلحہ کو بھی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
تاہم چار مرتبہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے عبدالرزاق سکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی کو ابتدائی 30 کھلاڑیوں کی فہرست بھیجنے کی آخری تاریخ 8 دسمبر ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے سلیکٹر معین خان نے کہا ’ہم امید کر رہے ہیں کہ سعید اجمل کا بولنگ ایکشن ورلڈ کپ سے پہلے ٹھیک ہو جائے گا۔‘
سعید اجمل کے حوالے سے پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ وہ دعاگو ہیں کہ سعید اجمل کا بولنگ ایکشن ٹھیک ہو جائے اور وہ ٹیم میں شامل ہوں۔



