مجھے بھی کرکٹ کھیلنے کی اجازت دلوائی جائے: سلمان بٹ

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
آئی سی سی کی جانب سے انٹی کرپشن کوڈ میں ترمیم کے بعد فاسٹ بولر محمد عامر کی کرکٹ میں ممکنہ واپسی کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششیں رنگ لاتی ہوئی نظرآ رہی ہیں۔
ان کے ساتھ سپاٹ فکسنگ کی پاداش میں سزا پانے والے دیگر دو کرکٹروں میں سے ایک سلمان بٹ نے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کو یاد دلایا ہے کہ وہ جلد سے جلد ان کی بحالی کا پروگرام مکمل کر لے تاکہ وہ بھی آئی سی سی کے انٹی کرپشن کوڈ میں ترمیم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی یقینی بنا سکیں۔
<link type="page"><caption> سلمان بٹ نے میچ فکسنگ میں ملوث کیا تھا: عامر</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/sport/2012/03/120320_amir_blames_zz.shtml" platform="highweb"/></link>
واضح رہے کہ سلمان بٹ محمد عامر اور محمد آصف 2010 میں انگلینڈ کے دورے کے موقعے پر سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث پائے گئے تھے۔ ان تینوں کو نہ صرف لندن کی عدالت نے جیل کی سزا سنائی تھی بلکہ آئی سی سی کے ٹریبیونل نے ان تینوں پر پانچ سال کے لیے کرکٹ کھیلنے اور کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی تھی۔
تینوں پر عائد یہ پابندی آئندہ سال ختم ہونے والی ہے تاہم آئی سی سی کے انٹی کرپشن کوڈ میں حالیہ ترمیم کے نتیجے میں پابندی کا شکار کرکٹروں کی وقت سے پہلے ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
سلمان بٹ نے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ انھیں اس بات پر کوئی افسوس نہیں کہ محمد عامر ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کی اولین ترجیح رہے ہیں۔ ممکن ہے کہ بورڈ نے یہ سوچا ہو کہ اس معاملے کا آغاز محمد عامر سے کیا جائے اور پھر دوسرے کرکٹروں کی بات کی جائے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان کے معاملے پر بھی توجہ دی جائے۔
سپاٹ فکسنگ کے واقعے کے وقت سلمان بٹ پاکستانی ٹیم کے کپتان تھے۔ آئی سی سی ٹریبیونل نے سلمان بٹ کو محمد عامر اور محمد آصف سے سخت سزا دی تھی۔
محمد عامر جیل سے رہائی کے بعد الزام عائد کیا تھا کہ ان کے کپتان سلمان بٹ نے ان کو سپاٹ فکسنگ میں پھنسایا تھا۔
سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ وہ 13 ماہ پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنی بحالی کے پروگرام کے لیے دستیابی دے چکے ہیں لیکن انھیں بورڈ کی طرف سے کوئی مثبت جواب نہیں ملا ہے۔
سلمان بٹ نے کہا کہ وہ اپنی بحالی کے پروگرام کے تین مراحل مکمل کر چکے ہیں اور اب صرف آخری مرحلہ باقی ہے جس میں صرف پانچ منٹ درکار ہیں۔
سلمان بٹ نے کہا کہ ان پر پابندی آئندہ سال ختم ہو رہی ہے لیکن اگر پاکستان کرکٹ بورڈ چاہے اور محمد عامر کی طرح ان کا معاملہ بھی آئی سی سی کے سامنے رکھے تو وہ بھی اسی سیزن میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔
سلمان بٹ نے کہا کہ انھوں نے چار سال کے دوران اپنی فٹنس پر غیرمعمولی توجہ دی ہے، کلب کرکٹ کھیلی ہے اور جمنازیم میں وقت گزارا ہے اور آج وہ پہلے سے زیادہ فٹ ہیں۔
وہ چاہتے ہیں کہ دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آکر ایسی اچھی پرفارمنس دے دیں جس سے ماضی کی کوتاہی کا ازالہ ہو سکے۔



