سعید اجمل مستقبل کے بارے میں پر امید

،تصویر کا ذریعہAP
پاکستان کے سپن بولر سعید اجمل قومی کرکٹ اکیڈمی میں اپنا ایکشن ٹھیک کرنے کے بعد اگلے سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے عالمی کپ میں شرکت کرنے کے بارے میں پر امید ہیں۔
پاکستان کی کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کھیل رہی ہے جس میں سعید اجمل پابندی کے باعث حصہ نہیں لے سکیں گے۔
سعید اجمل پر کہنی میں 15 ڈگری سے زیادہ کے جھکاؤ کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پابندی لگا دی ہے۔
پیر کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ انھیں کسی قسم کی کوئی پریشانی نہیں ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جو کچھ ہوا اس پر انھیں مایوسی ضرور ہوئی ہے لیکن وہ ناامید نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان کی نظریں عالمی کپ پر ہیں اور وہ اس میں ضرور واپس آئیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق سپن بولر ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کر لی ہیں تاکہ سعید اجمل کے گیند کرانے کے انداز کو بدلا جا سکے۔ ثتقلین آئندہ ہفتے سے سعید اجمل کے بولنگ ایکش پر کام شروع کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ثقلین ایک عہد ساز بولر ہیں اور وہ بالکل میری طرح گیند آف سپن اور دوسرا کرتے تھے۔
سعید نے مزید کہا کہ ثقلین کو کوچنگ کا بہت تجربہ ہے اور ان کے تجربے سے وہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سلیکٹروں نے اجمل کے متبادل کی تلاش شروع کر دی ہے جو اگلے ماہ آسٹریلیا کہ خلاف ایک ٹی ٹوئنٹی، تین ایک روزہ میچ اور دو ٹیسٹ میچوں میں حصہ لے گا۔
اجمل نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔ انھوں نے کہا انھیں یقین ہے کہ ان سے اچھا متبادل آف سپن بولر مل جائے گا۔
آئی سی سی کی رپورٹ کے مطابق بائیو مکینیکل ٹیسٹ کے دوران اجمل نے آٹھ اوور کیے لیکن ان میں ایک گیند بھی 15 ڈگری کے معیار کے قریب بھی نہیں آئی۔



