’لاہور لائنز کو بھارتی ویزے مل گئے‘

لاہور لائنز پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن ہے اور اس کی قیادت ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ کر رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہTheNewsTribe

،تصویر کا کیپشنلاہور لائنز پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن ہے اور اس کی قیادت ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ کر رہے ہیں
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

چیمپینز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کرنے والی لاہور لائنز کی ٹیم کو پیر کے روز بھارتی ویزے مل گئے۔

ٹیم منگل کو علی الصبح لاہور سے براستہ دبئی دہلی روانہ ہو گی۔

لاہور لائنز پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن ہے اور اسے ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ کی قیادت میں چیمپیئنز لیگ کے کوالیفائنگ میچ کھیلنے ہیں۔

لاہور لائنز کا پہلا کوالیفائنگ میچ 13 ستمبر کوممبئی انڈینز کے خلاف ہے، جبکہ 14 ستمبر کو وہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ناردرن ڈسٹرکٹس کے خلاف میچ کھیلے گی۔

اس کے بعد 16 ستمبر کو آخری کوالیفائنگ میچ میں وہ سری لنکا کی ٹیم سدرن ایکسپریس کے مقابل ہوگی۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال چیمپیئنز لیگ میں پاکستان کی نمائندگی فیصل آباد وولز نے کی تھی جس کے کپتان مصباح الحق تھے۔

چیمپیئنز لیگ میں پاکستانی کرکٹروں کی شرکت کو پاک بھارت کرکٹ روابط کے ضمن میں ایک خوش آئند قدم کہا جا رہا ہے، تاہم آئی پی ایل کے دروازےپاکستانی کرکٹروں پر اب بھی بند ہیں۔

پاکستانی کرکٹروں نے آئی پی ایل کے پہلے ٹورنامنٹ میں شرکت کی تھی لیکن ممبئی بم دھماکوں کے بعد سے سکیورٹی کے خدشات کے سبب کوئی بھی فرینچائز پاکستانی کرکٹروں کو بھارت بلانے کے لیے تیار نہیں ہے اور نہ ہی بھارتی حکومت اس کی اجازت دینے کے لیے تیار ہے۔