فلینڈر کو بال ٹیمپرنگ پر 75 فیصد میچ فیس کا جرمانہ

فلینڈر نے اس جرمانے کو چیلنج نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جرمانے کی سزا کو قبول کیا

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنفلینڈر نے اس جرمانے کو چیلنج نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جرمانے کی سزا کو قبول کیا

سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے دوران جنوبی افریقہ کے بولر ورنن فلینڈر کو بال ٹیمپرنگ پر میچ فیس کے 75 فیصد جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔

29 سالہ فلینڈر کو یہ جرمانہ گیند کی سطح کو انگلی اور انگوٹھے سے کھرچنے پر کیا گیا ہے۔

فلینڈر نے اس جرمانے کو چیلنج نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جرمانے کی سزا کو قبول کیا۔

بال ٹیمپرنگ کے حوالے سے فلینڈر جنوبی افریقہ کے دوسرے کھلاڑی ہیں جن کو سزا ہوئی ہے۔

اس سے قبل پچھلے سال اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں فیف ڈو پلیسی کو میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

پلیسی اس میچ میں گیند کو اپنی پتلون کی زپ سے رگڑ رہے تھے۔

فلینڈر کی بال ٹیمپرنگ ٹی وی کیمروں پر تو نہیں آئی لیکن گراؤنڈ اور تھرڈ امپائرز نے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر جب فوٹیج دیکھیں تو اس وقت ان کو معلوم ہوا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کے قواعد و ضوابط کے مطابق بال ٹیمپرنگ لیول دو کا جرم ہے جس کی سزا 50 سے 100 فیصد میچ فیس کا جرمانہ ہے یا پھر ایک ٹیسٹ اور دو ایک روزہ میچز کھیلنے پر پابندی۔