فٹ بال ورلڈ کپ 2014 میں ٹوٹنے والے پانچ اہم ریکارڈز

،تصویر کا ذریعہAP
- مصنف, سٹیفن فوٹریل
- عہدہ, بی بی سی، سپورٹس
برازیل میں کھیلا جانے والا فٹبال ورلڈ کپ 2014 تاریخ میں اب تک کا سب سے سنسنی خیز فٹبال ٹورنامنٹ قرار دیا جا رہا ہے اور ایسا ثابت کرنے کے لیے کئی اعداد وشمار پیش کیے گئے ہیں۔ برسوں سے قائم ریکارڈز جن میں گول، کھلاڑیوں کی عمریں اور حتٰی کہ ناموں کے حجم سبھی کچھ برازیل میں ٹوٹ رہا ہے۔ انھیں میں سے پانچ قابلِ ذکر ریکارڈز کا ذکر کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر مقبول ترین ورلڈ کپ

حالیہ ورلڈ کپ سماجی رابطوں کی سائٹس ٹوئٹر اور فیس بک پر ریکارڈ تعداد میں زیرِ بحث ہے۔ برازیل کی چِلی کے خلاف پینلٹیز پر فتح کے بارے میں 16 کروڑ چار لاکھ مرتبہ ٹویٹ کیا گیا۔ اس میں پینلٹی شوٹ آؤٹ کے دوران 388985 ٹویٹس کی گئیں جب چِلی کے گونسالو خارا نے گول ضائع کر دیا تھا۔
اس سے پہلے امریکی فٹبال کے مقابلے سپر بول 2014 کے دوران 382000 ٹویٹس فی منٹ کی گئی جبکہ امریکی انتخابات کے دوران 327452 ٹویٹس کی گئیں۔ فیس بک پر بھی اس کی دس سالہ تاریخ میں ریکارڈ تعداد میں فٹبال پر بات کی گئی۔
گول

،تصویر کا ذریعہAFP
گول سکور کے اعتبار سے دیکھا جائے تو یہ ورلڈ کپ اب تک کا سب سے تفریحی ٹورنامنٹ رہا ہے جس میں صرف گروپ مرحلے میں ہی ریکارڈ 136 گول کیے گئے۔ یہ 2002 کے ورلڈ کپ سے چھ گول زیادہ ہیں۔
زیادہ گولوں کا یہ رجحان ناک آؤٹ راؤنڈ میں بھی جاری رہا۔ پال پوگابا کے ہیڈر پر ہونے والا گول اس ٹورنامنٹ کا 146 واں گول تھا اور یہ سنہ 2010 میں جنوبی افریقہ میں ہونے والے پورے ٹورنامنٹ کے گولوں سے بھی زیادہ تعداد ہے۔
بڑی عمر کے کھلاڑی

،تصویر کا ذریعہGetty
کولمبیا نے اس ورلڈ کپ میں اپنی بہترین کارکردگی دکھائی اور چاروں مقابلے جیتے اور پہلی مرتبہ کواٹر فائنلز میں جگہ بنائی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ عمر کے کھلاڑی بھی اسی ٹیم کا حصہ بنے۔
43 سالہ گول کیپر فرید موندراگون علی نے میچ کھیل کر سنہ 1994 میں قائم کردہ راجر ملا کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔ مِلّا نے 42 سال کی عمر میں ورلڈ کپ کا میچ کھیلا تھا۔ موندراگون نے جاپان کے خلاف میچ کھیلا جو کولمبیا نے 4-1 سے جیتا۔ یہ سنہ 2005 کے بعد اپنے ملک کے لیے ان کی پہلی بہترین کارکردگی تھی۔
طویل اور مختصر نام

،تصویر کا ذریعہ Reuters
یونان کی ٹیم چاہے کوسٹا ریکا کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹونامنٹ سے باہر ہو گئی ہو لیکن وہ برازیل کو ایک ایسے گول سکورر کا نام دیے جا رہے ہیں جو ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے طویل نام ہے ’سوکراتیس پاپاستا تھوپولس‘ نے کوسٹا ریکا کے خلاف ایک ڈرامائی گول کرکے میچ برابر کر دیا اور کھیل اضافی وقت میں چلا گیا۔
اور صرف ان کے ہی نام نے اب کی بار ریکارڈ نہیں توڑا بلکہ برازیل کے سٹرائیکر ’ژو‘ بھی مختصر ترین نام کے ساتھ اس ورلڈ کپ میں شامل ہوئے ہیں۔
سب سے زیادہ گول کرنے والے افریقی کھلاڑی

،تصویر کا ذریعہ
گھانا کی ٹیم گو کہ گروپ مرحلے میں ہی مایوس کن طور پر باہر ہوگئی اور اس پر بدنظمی کی الزامات بھی لگے لیکن ان سیاہ فام ستاروں نے پھر بھی ایک اعزاز حاصل کر لیا۔
گھانا کے سٹرائیکر آسموا جان ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے افریقی کھلاڑی بن گئے۔ جان نے پرتگال کے خلاف میچ میں اپنا چھٹا گول کیا۔
28 سالہ آسموا جان پہلے افریقی کھلاڑی ہیں جس نے تین ورلڈ کپ مقابلوں میں گول کیے ہیں۔ اس سے پہلے مِلّا نے سب سے زیادہ پانچ گول کیے تھے۔



