انگلینڈ کو دوسرے میچ میں 157 رنز سے شکست

،تصویر کا ذریعہAP
سری لنکا نے انگلینڈ کو سیریز کے دوسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں 157 رنز سے ہرا دیا ہے۔
ڈرہم میں اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو اس نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنائے۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/89072" platform="highweb"/></link>
اس کے جواب میں انگلش ٹیم صرف 99 رنز بنا سکی اور یوں سری لنکا نے یہ میچ جیت کر سیریز برابر کر دی۔
انگلش اننگز میں کپتان اوئن مورگن کے علاوہ کوئی بھی وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور نو کھلاڑیوں کا سکور تو دوہرے ہندسوں میں بھی نہ پہنچ سکا۔
مورگن نے 40 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے سنانائیکے نے چار اور کلاسیکیرا نے تین وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
اس سے قبل سری لنکن اننگز میں سب سے اہم کردار اوپنر تلکارتنے دلشان کا رہا جنھوں نے سات چوکوں کی مدد سے 88 رنز کی اننگز کھیلی۔
ان کے علاوہ کمارا سنگاکارا نے 40 اور اس میچ کے لیے ٹیم میں شامل کیے جانے والے پریینجن نے 33 گیندوں پر 43 رنز بنائے۔
انگلینڈ کے لیے گرنی تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ تجربہ کار جیمز اینڈرسن نے دو وکٹیں لیں۔
اس میچ کے لیے سری لنکن ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔
زخمی ہو کر پوری سیریز سے باہر ہونے والے بولر سورنگا لکمل کی جگہ دھمیکا پرساد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ بلے بازی کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے پریینجن کو لایا گیا۔
انگلش کپتان الیسٹر کک بھی گروئن میں تکلیف کی وجہ سے یہ میچ نہیں کھیلے اور ٹیم کی قیادت اوئن مورگن کے سپرد کی گئی۔
انگلینڈ نے اوول میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں 81 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔



