وین رونی اور فل جونز ورلڈ کپ کےلیے فِٹ

،تصویر کا ذریعہAP
برطانوی فٹ بال کلب مانچسٹر یونائٹڈ کے عبوری مینیجر رائن گگز نے کہا ہے کہ وین رونی اور فل جونز فیفا ورلڈ کپ 2014 میں انگلینڈ کی جانب سے کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔
خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ وین رونی گذشتہ ہفتے ٹانگ میں تکلیف کی وجہ سے اور فل جونز منگل کو ہل سٹی کے خلاف کھیلے گئے میچ میں کندھا زخمی کر بیٹھنے کے بعد ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے مقررہ وقت تک صحت یاب نہیں ہو پائیں گے۔
تاہم گگز نے اعلان کیا کہ رونی نے تربیت شروع کر دی ہے۔ البتہ وہ اور فل جونز اتوار کوساؤتھیمپٹن کے خلاف پریمیئر لیگ کے آخری میچ میں یونائٹڈ کی طرف سے نہیں کھیل پائیں گے۔
گگز نے کہا: ’ فل جونز کی چوٹ اتنی سنجیدہ نوعیت کی نہیں تھی جتنا میں نے سوچا تھا۔ دونوں کھلاڑی برازیل میں انگلینڈ کی طرف سے ورلڈ کپ 2014 کھیلنے کے لیے مقررہ وقت پر تیار ہو جائیں گے۔‘
واضع رہے کہ انگلینڈ فٹ بال ٹیم کے نئے مینیجر روئے ہاجسن کی طرف سے ورلڈ کپ کے لیے 30 رکنی سکواڈ کا اعلان پیر کو متوقع ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
رائن گگز نے مانچسٹر یونائٹڈ کے نئے مینیجر اور اپنے مستقبل کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’ابھی تک نئے مینیجر کے حوالے سے کوئی واضح اعلان نہیں ہوا، جبکہ میری توجہ صرف ساؤتھیمپٹن کے خلاف میچ پر مرکوز ہے۔ میرے لیے یونائٹڈ کا مینیجر ہونا خوشگوار تجربہ رہا ہے اور اس سے مجھے مستقبل میں اپنے فٹ بال کریئر کے اختتام کے بعد مینیجر بننے میں مدد ملے گی۔‘
رائن گگز نے مزید کہا کے یہ سیزن یونائٹڈ کے لیے بہت مشکل رہا ہے اور آنے والے دو ہفتوں میں نئے مینیجر کے حوالے سے صورتحال واضح ہوجائے گی۔
رائن گگز کو سابق مینیجر ڈیوڈ موئز کو برطرف کرنے کے بعد مانچسٹر یونائٹڈ کے آخری چار میچوں کے لیے عبوری مینیجر مقرر کیا گیا تھاـ ماہرین نے ڈیوڈ موئز کے دور کو یونائٹڈ کا تاریک ترین دور قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ 1995 کے بعد سے پہلی بار چیمپیئنز لیگ کے اگلے سیزن کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی۔



