آسٹریلوی خواتین ورلڈ ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن

آسٹریلیا کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کر رہی تھی

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنآسٹریلیا کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کر رہی تھی

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے خواتین کے مقابلوں میں آسٹریلیا کی ٹیم نے انگلینڈ کی ٹیم کو فائنل میں چھ وکٹ سے شکست دے کر مسلسل تیسری مرتبہ عالمی اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں ایک سو پانچ رن بنائے۔

انگلینڈ کی ٹیم کی طرف سے بیٹنگ کے دوران نائٹ کی بیٹنگ قابل ذکر رہی جنھوں نے چوبیس گیندوں پر انیس رن بنائے۔

انگلینڈ کی مایہ ناز بلے باز سارا ٹیلر زیادہ کامیاب ثابت نہ ہو سکیں اور چوبیس گیندوں پر اٹھارہ رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کی ٹیم نے ایک سو چھ رن کا ہدف صرف چار وکٹوں کے نقصان پر صرف پندرہ اعشاریہ ایک اوور میں آسانی سے حاصل کر لیا۔

آسٹریلیا کی کھلاڑی لینگ نے چوالیس رنز سکور کیے۔ انھوں نے اپنی اننگز میں چار چوکے اور دو چھکے بھی لگائے۔ لینگ نے چوالیس رن صرف تیس گیندوں پر بنائے۔

پیری نے بتیس گیندوں پر اکتیس رن بنائے اور انھوں نے تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ پیری آؤٹ نہیں ہوئیں اور ان کی اننگز ناقابل شکست رہی۔