جنوبی افریقہ کو پانچ رنز سے شکست

سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو 166 رنز کا ہدف دیا تھا

،تصویر کا ذریعہAFP Getty

،تصویر کا کیپشنسری لنکا نے جنوبی افریقہ کو 166 رنز کا ہدف دیا تھا

بنگلہ دیش میں جاری ٹی ٹوئنٹی کے عالمی کپ میں سنیچر کو پہلا میچ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان چٹاگانگ میں ہوا جس میں سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو پانچ رنز سے شکست دے دی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کوئنٹن ڈی کاک اور ہاشم آملہ نے اوپننگ کی۔

چوتھے اوور کی تیسری بال پر کوئنٹن ڈی کاک 25 رنز بنا کر ملنگا کی بال پر آؤٹ ہو گئے جس کے بعد یاں پال ڈومینی کریز پر آئے۔

ڈومینی 39 رنز بنا کر جبکہ ہاشم آملہ 23 رنز بنا کر سنا نائکے کی بال پر دلشان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

ڈی ولیئرز 24 رنز بنا کر میتھیو کی بال پر سنگا کارا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ مورکل مینڈس کی بال پر چندی مل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے اور بیرڈین پانچ رنز بنا کر کلوسیکارا کی بال پر جے وردنے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

سب سے آخری بیٹسمین ڈیل سٹین بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہو گئے۔

اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اورز میں 165 رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔

سری لنکا کی بیٹنگ لائن میں اوپنر کوسل پریرا نے سب سے زیادہ سکور 61 رنز بنائے جس کے بعد وہ عمران طاہر کی بال پر ڈی ولئیرز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا

دلشان صفر پر ڈیل سٹین کی بال پر آؤٹ ہوئے جبکہ جے وردنے 9 رنز بنا کر مورکل کی بال پر سٹین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

سنگاکارا بھی عمران طاہر کی بال پر سوبے کے ہاتھوں 14 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ میتھیوز نے 43 رنز بنائے اور وہ سٹین کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

چندی مل 12 رنز بنا کر عمران طاہر کی بال پر ڈی کاک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ تشارا پریرا کو 8 رنز پر مورکل نے آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ کے بالر عمران طاہر نے 4 اوورز میں 26 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں جبکہ ڈیل سٹین اور میتھیو مورکل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

حالیہ دنوں میں سری لنکا کی ٹیم کو زبردست فارم میں تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ اس نے گذشتہ دنوں بھارت اور پاکستان دونوں کو واضح انداز میں شکست دے کر ایشیا کپ کا خطاب حاصل کیا تھا۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ کی ٹیم عام طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی رہی ہے تاہم وہ گذشتہ 16 برسوں میں آئی سی سی کے کسی بھی ناک آوٹ مقابلے میں کامیابی حاصل نہیں کر سکی ہے۔