ایشیا کپ: سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا فاتح

جمعے کو کھیلے جانے والے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنجمعے کو کھیلے جانے والے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی

بنگلہ دیش میں جاری ایشیا کپ کے ایک میچ میں سری لنکا نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

سری لنکا کی جیت میں اہم کردار کمار سنگاکارا نے ادا کیا۔

انھوں نے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 103 رنز بنائے۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/89240" platform="highweb"/></link>

سری لنکا کی جانب سے کُشل پریرا اور تھریمانے نے اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 80 رنز بنائے۔

سری لنکا کو 80 رنز کے مجوعی سکور پر پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب تھریمانے 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے سنگا کارا اور کُشل پریرا نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 54 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے کُشل پریرا نے چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے ایشون، جڈیجا اور محمد شامی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کے شہر فتح اللہ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو اس کے اوپنروں نے محتاط انداز میں اننگز شروع کی۔

سری لنکا کو پہلی کامیابی دسویں اوور میں اس وقت ملی جب سنا نائیکے نے روہت شرما کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ اس وقت بھارت کا سکور 33 رنز تھا۔

اس موقع پر وراٹ کوہلی اور شیکھر دھون نے دوسری وکٹ کے لیے 97 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس دوران دھون نے نصف سنچری بھی مکمل کی۔

گذشتہ میچ میں سنچری بنانے والے کوہلی اس مرتبہ دو رن کی کمی سے نصف سنچری نہ بنا سکے اور مینڈس کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

بھارت کی جانب سے شیکھر دھون نے سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 94 جب کہ ویراٹ کوہلی نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 48 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے اجنتھا مینڈس نے چار اور سنا نائیکے نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس میچ کے لیے سری لنکن ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور سورنگا لکمل کی جگہ اجنتھا مینڈس کو کھلایا گیا ہے۔

یہ دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے میچ میں فاتح رہی تھیں۔