جاوید میانداد کا استعفی منظور

جاوید میانداد تین مرتبہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی رہے
،تصویر کا کیپشنجاوید میانداد تین مرتبہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی رہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر جاوید میانداد کا ڈائریکٹر جنرل کے عہدے سے استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔

پی سی بی نے اس کے ساتھ ہی ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ بھی ختم کر دیا ہے۔

جمعرات کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامی کمیٹی کے اجلاس میں میانداد کے استعفے پر غور کیا گیا اور اسے فوری طور پر منظور کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

یاد رہے کہ جاوید میانداد نے 14 فروری کو اپنا استعفی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کو پیش کردیا تھا تاہم بعدازاں انھوں نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ وہ مستعفی نہیں ہوئے بلکہ انہوں نے مستعفی ہونے کی پیشکش کی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ایک انٹرویو میں میانداد کے استعفی کی تصدیق کی تھی بلکہ یہ بھی کہا تھا کہ ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کی پی سی بی میں کوئی آئینی حیثیت ہی نہیں تھی۔

جاوید میانداد نومبر 2008 ءمیں اعجاز بٹ کے دور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل بنائے گئے تھے لیکن صرف دو ماہ بعد ہی انھوں نے اپنی تنخواہ کم ہونے کا اعتراض کرتے ہوئے استعفی دے دیا تھا تاہم دو ماہ بعد انھوں نے دوبارہ یہ عہدہ سنبھال لیا تھا۔

ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے ان کی ذمہ داری ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار میں بہتری لانا اور اصلاحات کرنا تھی اس بارے میں انھوں نے ایک مرتبہ میڈیا کو تفصیلات بھی بتائی تھیں تاہم موجودہ سیزن میں فرسٹ کلاس کرکٹ کے معیار پر خاصی تنقید ہوئی۔

جاوید میانداد مجوزہ پاکستان سپر لیگ سے بھی وابستہ تھے جو پاکستان میں امن وامان کی خطرناک صورتحال کی وجہ سے ابھی تک محض کاغذوں پر ہی رہی ہے۔

جاوید میانداد تین مرتبہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی رہے لیکن کھلاڑیوں سے اختلافات اور مختلف وجوہات کی بنا پر انہیں یہ عہدہ بھی چھوڑنا پڑا۔

وہ پہلی بار 1998 ء میں کوچ بنے تھے لیکن 1999 کے عالمی کپ سے پہلے ہی یہ عہدہ چھوڑگئے۔ دوسری مرتبہ وہ سال 2000 میں کوچ بنائے گئے لیکن اگلے سال ہی انہیں اس عہدے سے ہٹا دیا۔ کوچ کی حیثیت سے وہ تیسری مرتبہ میں ٹیم میں آئے لیکن جون 2004 میں ان کی جگہ باب وولمر کو کوچ بنا دیا گیا تھا۔