ژاک کیلس نے ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہہ دیا

جنوبی افریقہ کے تجربہ کار آل راؤنڈر ژاک کیلس نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے خلاف جاری سیریز کا دوسرا ٹیسٹ کیلس کا آخری ٹیسٹ میچ ہوگا۔
بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا کرکٹ ٹیسٹ جمعرات سے ڈربن میں کھیلا جائے گا۔
کرکٹ بورڈ کے مطابق ژاك کیلس ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ کے باوجود ایک روزہ کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے۔
38 سالہ کیلس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’یہ آسان فیصلہ نہیں تھا، خاص طور پر ایسے وقت جب جلد ہی آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہونے والی ہے اور ٹیم بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے لیکن میرا خیال ہے کہ یہ ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہنے کا صحیح وقت ہے۔‘
کیلس نے کہا کہ انھوں نے ابھی بین الاقوامی کرکٹ کو مکمل طور پر الوداع نہیں کہا ہے اور وہ ایک روزہ میچ کھیلتے رہیں گے۔
انھوں نے کہا کہ اگر وہ فٹ رہے تو 2015 میں منعقد ہونے والا کرکٹ کا عالمی کپ کھیلنا چاہیں گے۔
ژاک کیلس نے اپنے 1995 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کریئر کا آغاز کیا تھا اور 18 برس پر محیط اس کریئر میں انھوں نے کل 165 ٹیسٹ میچ کھیلے۔
اس عرصے میں کیلس نے 44 سنچریوں اور 58 نصف سنچریوں کی مدد سے اور 55 رنز کی اوسط سے 13174 رنز بنائے اور 224 رنز ان کا بہترین ٹیسٹ سکور رہا۔
کیلس کا شمار دنیائے کرکٹ کے بہترین آل راؤنڈر کھلاڑیوں میں کیا جاتا ہے اور ٹیسٹ میچوں میں ان کی 292 وکٹیں اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔



