برازیل: ورلڈ کپ سٹیڈیم کی تعمیر کے دوران مزدور ہلاک

برازیل میں 2014 کے فٹبال کے عالمی کپ مقابلوں کے لیے تعمیر ہونے والے ایک سٹیڈیم کی چھت سے گرنے کے سبب ایک مزدور ہلاک ہو گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مارکلیڈو ڈی میلو فریرا نامی 22 سالہ مزدور تقریباً 35 میٹر کی اونچائی سے گرا جس کی بعد میں مانوس کے ہسپتال میں ان کی ہلاکت ہو گئی۔
اس کے چند گھنٹے بعد ایک دوسرا مزدور دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے نہیں رہا۔ اس کے رشتہ داروں نے یہ الزام لگایا ہے ضرورت سے زیادہ کام کی وجہ سے اس کی موت ہوئی ہے۔
تعمیرات سے منسلک افراد کی یونین اس بات پر غور کر رہی ہے کہ آیہ کام کرنے کے حالات اور ناقص سہولیات پر ہڑتال کی جا سکتی ہے یا نہیں۔
اب تک فٹبال کے عالمی کپ کے سلسلے میں تعمیر کی جانے والی مختلف عمارتوں میں کئی مزدور ہلاک ہو چکے ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ وقت پر سٹیڈیم کے پورا کرنے کے لیے رات دن جنگی پیمانے پر کام ہو رہے ہیں۔
گذشتہ ماہ نومبر کو دو افراد ایک حادثے میں اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب ایک کرین گرگئی تھی اور اس کے سبب ساؤ پالو کے ارینا کورنتھیاس کے کچھ حصے کو نقصان بھی پہنچا۔

ادھر 12 جون کو فٹبال کے عالمی مقابلوں کی افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی۔
اس حادثے کی وجہ سے سٹیڈیم کی تکمیل کی مجوزہ تاریخ میں کئی ماہ کی تاخیر ہو گئی۔ اب یہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اپریل کے وسط تک یہ سٹیڈیم تیار ہو جائے گا۔
مانوس سٹیڈیم کی تعمیر کی ذمہ دار کمپنی آندرید گوٹیریز کا کہنا ہے کہ فریرا ان کی ایک ذیلی کمپنی کے ملازم تھے جسے سٹیڈیم کے کور کا ٹھیکہ دیا گيا ہے۔
کمپنی نے کہا ہے کہ وہاں اتوار تک کے لیے کام بند کر دیا گيا ہے۔
لیکن دل کا دورہ پڑنے سے ہونے والی موت کے سبب یونین نے سوموار سے تازہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
سٹیڈیم کے قریب کنونشین سنٹر کی عمارت میں 49 سالہ جوز اینٹونیو دا سلوا ناشیمنٹو کی لاش سنیچر کو صبح دیر گئے ملی۔ اس نئی عمارت میں ورلڈ کپ کے دوران میٹنگز منعقد کی جائیں گی۔

یہ کہا جا رہا ہے کہ ان کی موت کی وجہ کام کرنے کے حالات نہیں ہو سکتے لیکن جوز کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ کام چونکہ تاخیر سے ہو رہا تھا اس لیے وہ بہت زیادہ دباؤ میں تھے۔
ان کی سالی پرسیلا سوریز نے او گلوبو نیوز کو بتایا کہ ’وہ اتوار سے اتوار تک (ساتوں دن) کام کرتے۔‘
یہ سٹیڈیم ایمازون جنگل کے شہر میں ہے جہاں انگلینڈ اٹلی کے خلاف ورلڈ کپ کا اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔
برازیل نے اعتراف کیا ہے کہ اسے تمام 12 سٹیڈیم کو وقت پر مکمل کرنے میں دقت کا سامنا ہے۔ چھ مقامات پر سٹیڈیم تیار ہیں جبکہ چھ سٹیڈیم فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے ذریعے طے شدہ تاریخ پر تیار نہیں ہو سکے۔
واضح رہے کہ فٹبال کے عالمی کپ کی تیاریوں میں جہاں مالی مشکلات درپیش ہیں وہیں عوام کے وسائل کے بے جا خرچ پر عوامی مظاہرے بھی اس میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔
گذشتہ ہفتے فیفا کے جنرل سکریٹری نے برازیل کے باشندوں سے تعاون کی اپیل کی تھی اور کہا تھا کہ ’مظاہروں کے لیے یہ غلط وقت ہے۔‘



