کیپ ٹاؤن: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ہرا دیا

پاکستان کے کپتان محمد حفیظ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا
،تصویر کا کیپشنپاکستان کے کپتان محمد حفیظ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو چھ رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز برابر کر لی ہے۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے جس کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم 170 رنز ہی بنا سکی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ نے 5 چوکوں کی مدد سے 48 جبکہ جے پی ڈومنی نے 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی نے 3 اور سعید اجمل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے پاکستان نے جمعہ کو کھیلے جانے والے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان کی اننگز کی خاص بات کپتان محمد حفیظ اور کامران اکمل کی عمدہ بیٹنگ تھی۔

دونوں بلے بازوں نے ذمہ درانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچریاں بنائیں اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 102 رنز کا اضافہ کیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل سٹین نے دو جبکہ پارنل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کے کپتان محمد حفیظ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت چار رنز سے شکست ہوئی کیونکہ جب بارش شروع ہوئی تو مروجہ فارمولے کے مطابق وہ مطلوبہ سکور سے چار رنز سے پیچھے تھی۔