پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بدھ کو

اس سال پاکستان نے پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے ہیں اور پانچوں میں کامیابی حاصل کی
،تصویر کا کیپشناس سال پاکستان نے پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے ہیں اور پانچوں میں کامیابی حاصل کی

ون ڈے سیریز چار ایک سے گنوانے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف دبئی میں دو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں مدمقابل ہو رہی ہے۔

پہلا میچ بدھ کو کھیلا جارہا ہے جب کہ دوسرا میچ جمعے کو ہوگا۔پاکستانی ٹیم کی قیادت محمد حفیظ کر رہے ہیں۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق سلیکٹروں نے بیٹنگ لائن مضبوط کرنے کے لیے آل راؤنڈر عبدالرزاق اور شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کیا ہے تاہم ٹیم میں اکثریت انہی کھلاڑیوں کی ہے جنہوں نے انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ون ڈے سیریز میں شکست کھائی ہے۔

عبدالرزاق ایک بار پھر محمد حفیظ کی کپتانی میں کھیلیں گے جن کے خلاف بیان دے کر وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیم سے باہر ہوئے تھے۔

پاکستان کی طرح جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت بھی اے بی ڈی ویلیئرز سے ڈوپلیسی کو منتقل ہو جائے گی۔

جنوبی افریقی سکواڈ میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ نسبتاً نئے کھلاڑی بیٹسمین ہنری ڈیوڈز، آل راؤنڈر ڈیوڈ ویز اور لیفٹ آرم سپنر ایرن فان گیسو بھی شامل ہیں۔

اس سال پاکستان نے پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے ہیں اور پانچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

جنوبی افریقہ نے اس سال کھیلے گئے چار ٹی ٹوئنٹی میں سے دو جیتے ہیں اور دو میں اسے شکست ہوئی ہے۔

اس سال انفرادی کارکردگی میں احمد شہزاد سب سے زیادہ رنز بنانے والے آسٹریلوی بیٹسمین ایرن فنچ کے 262 رنز سے صرف ایک رن پیچھے ہیں۔ بولنگ میں محمد حفیظ دس وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔