میرپور:بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو ہرا کر ون ڈے سیریز جیت لی

بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال نے 58 رنز کی اننگز کھیلی
،تصویر کا کیپشنبنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال نے 58 رنز کی اننگز کھیلی

بنگلہ دیش نے دوسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کو 40 رنز سے شکست دے کر ون ڈے سیریز جیت لی ہے۔

میرپور میں جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے اوپنر تمیم اقبال کی نصف سنچری کی بدولت 247 رنز بنائے۔

تمیم کے علاوہ مومن الحق اور مشفق الرحیم 31 کے سکور کے ساتھ نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے نیشم اور اینڈرسن چار، چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔

248 رنز کے جواب میں مہمان ٹیم سینتالیسویں اوور میں 207 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹیلر پینتالیس رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ اینڈرسن نے 37 رنز بنائے۔

ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی کیوی بلے باز قابلِ ذکر اننگز نہ کھیل سکا۔

بنگلہ دیش کے لیے مشرفی مرتضیٰ اور سوہاگ غازی نے تین، تین وکٹیں لیں جبکہ مومن الحق کو دو اور عبدالرزاق کو ایک وکٹ ملی۔

اس سے قبل میر پور میں ہی بارش سے متاثرہ میچ میں بنگلہ دیش نے روبیل حسین کی تباہ کن بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو 43 رنز سے ہرایا تھا۔

اس میچ میں روبیل نے چھ وکٹیں لی تھیں جن میں ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔

خیال رہے کہ دونوں ممالک کے مابین بنگلہ دیش میں کھیلی جانے والی گزشتہ ایک روزہ سیریز بھی میزبان ٹیم نے چار صفر سے جیتی تھی۔