موسم گرما میں فٹبال ورلڈ کپ نامنظور: یورپ

یورپی فٹبال ایسوسی ایشن کے 54 ممالک کا کہنا ہے کہ سنہ 2022 کے قطر فٹ بال عالمی کپ کو موسمِ سرما میں منتقل کیا جائے۔
برطانیہ فٹ بال ایسوسی ایشن کے نائب صدر جم بوئس نے کہا ’اس اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ سنہ 2022 میں قطر میں کھیلے جانے والا عالمی کپ موسمِ گرما میں نہیں کھیلا جاسکتا‘۔
انھوں نے مزید کہا ’تمام ممالک اس بات پر متفق تھے‘۔
بوئس نے کہا کہ اب بحث اس بات پر کی جا رہی ہے کہ آیا عالمی کپ جنوری 2022 میں کھیلا جائے یا نومبر دسمبر میں۔
برطانوی فٹ بال ایسوسی ایشنز چاہتی ہیں کہ ان کا ڈومیسٹک لیگ سیزن خراب نہ ہو جبکہ یورپی فٹ بال ایسوسی ایشن جنوری میں عالمی کپ کے حق میں ہے تاکہ چیمپیئنز لیگ متاثر نہ ہو۔
بوئس جو آئرش فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں کا کہنا ہے کہ ایسوسی ایشنز یہ نہیں چاہتی کہ فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا جلد بازی میں کوئی فیصلہ کرے۔
’ابھی قطر میں فٹبال کا عالمی کپ شروع ہونے میں نو سال باقی ہیں اور فیفا کو چاہیے کہ تمام فریق کے ساتھ بیٹھے اور ایسے فیصلے پر پہنچے جس سے طے شدہ شیڈول متاثر نہ ہو‘۔
اطلاعات کے مطابق فیفا کی ایگزیکٹو کمیٹی تین اکتوبر کو زیورخ اجلاس میں اصولی طور پر اس بات پر اتفاق کرے گی کہ قطر میں عالمی فٹ بال کپ موسمِ سرما میں ہونا چاہیے۔



