عالمی فٹبال کپ 2014 کے لیے ٹکٹوں کی قمیت

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے برازیل میں آئندہ سال منعقد ہونے والے عالمی کپ کے مقابلوں کے لیے ٹکٹوں کی قمیت کا اعلان کر دیا ہے۔
فیفا کے اعلان کے مطابق ورلڈ کپ کے ابتدائی گروپ مقابلوں کے لیے بیرون ملک سے آنے والے شائقین کے لیے ٹکٹ کی قمیت نوے ڈالر سے شروع ہو گی۔
رواں ماہ ہی فیفا نے اعلان کیا تھا کہ فٹبال کے عالمی کپ کے مقابلوں کے لیے تاریخ کی سستی ترین ٹکٹیں دستیاب ہوں گی۔
تیرہ جولائی 2014 کو عالمی کپ کے فائنل کے لیے بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے سستی ترین ٹکٹ چار سو چالیس ڈالر اور مہنگی ترین نو سو نوے ڈالر میں دستیاب ہو گی۔
عالمی کپ کے مقابلے آئندہ سال بارہ جون سے شروع ہوں گے اور ٹکٹوں کی فروخت رواں سال اگست سے شروع ہو گی۔
شائقین دس اکتوبر تک ٹکٹوں کے لیے درخواستیں دے سکیں گے اور بیلٹ کے ذریعے ٹکٹوں کو تقسیم کیا جائے گا اور اس کے بعد ٹکٹیں پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر دستیاب ہوں گی۔
فٹبال کے عالمی مقابلے کی مجموعی طور پر تقریباً تیس لاکھ ٹکٹیں فروخت کی جائیں گی۔
برازیلی شہریوں کے لیے نرخ

برازیل کے شہریوں کے لیے ٹکٹ کی قمیت پندرہ ڈالر سے شروع ہو گی اور یہ قمیت صرف طالب علموں اور ساٹھ سال سے زیادہ عمر کے شہریوں اور سماجی فلاح و بہبود کے منصوبے میں شامل افراد کے لیے ہو گی جبکہ دیگر شہریوں کے لیے ٹکٹ تیس ڈالر سے شروع ہو گی۔
برازیل کے شہریوں کے لیے مجموعی طور پر چار لاکھ ٹکٹیں مختص کی گئی ہیں اور ان میں سے پچاس ہزار برازیل میں فٹ بال سٹیڈیمز کی تعمیر اور مرمت میں حصہ لینے والے کارکنوں کو دی جائیں گی۔
شائقین ہر میچ کے لیے زیادہ سے زیادہ چار ٹکٹیں اور زیادہ سے زیادہ سات میچوں کی لیے ٹکٹیں حاصل کر سکیں گے۔
اس سے پہلے جنوبی افریقہ میں سال دو ہزار دس میں منعقد ہونے والے عالمی کپ میں سستی ترین ٹکٹ بیس ڈالر کی تھی اور یہ بھی مقامی افراد اور خصوصی درجہ بندیوں میں آنے والے افراد کو دی گئی تھی۔
رواں ماہ جولائی کے آغاز پر فیفا نے اعلان کیا تھا کہ عالمی کپ کے ستر فیصد میچوں کے ٹکٹوں کی قیمت گزشتہ عالمی مقابلوں کی نسبت کم ہو گی۔
فیفا کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت سامنے آیا تھا جب برازیل میں بڑے پیمانے پر مظاہرے ہو رہے تھے۔
ان مظاہرین کی جانب سے فٹ بال کے عالمی تنظیم فیفا کو سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ مظاہرین کا موقف تھا کہ فٹ بال کی عالمی تنظیم جو کہ ٹیکس سے مستثنیٰ ہے، منافع کما رہی ہے ۔
عوامی فنڈز سے فٹ بال کے بین الاقوامی مقابلے کے انعقاد کے لیے عوامی فنڈز سے بڑے پیمانے پر سرمایہ لگایا جا رہا ہے ۔مظاہرین سمجھتے ہیں کہ اس سے بہتر یہ تھا کہ یہ سرمایہ سکولوں اور ہسپتالوں پر لگایا جاتا۔



