معین خان نئے چیف سلیکٹر مقرر

ان کی تقرری کسی خاص مدت کے لیے نہیں کی گئی: معین خان
،تصویر کا کیپشنان کی تقرری کسی خاص مدت کے لیے نہیں کی گئی: معین خان

سابق وکٹ کیپر کپتان معین خان پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے نئے چیئرمین بنا دیے گئے ہیں۔

ان کی تقرری اقبال قاسم کی جگہ عمل میں آئی ہے جو اپنے عہدے کی میعاد مکمل ہونے کے بعد سبکدوش ہوگئے تھے۔

معین خان کو چیف سلیکٹر مقرر کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی کے دیگر ارکان کو فی الحال برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں سلیم جعفر، اظہر خان، آصف بلوچ اور فرخ زمان شامل ہیں۔

معین خان کو پہلی مرتبہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں سلیکشن کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

وہ انہتر ٹیسٹ اور دو سو انیس ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

معین خان نے نامہ نگار عبدالرشید شکور سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ نئی ذمہ داری ان کے لیے چیلنج ہے اور ان کی کوشش ہوگی کہ وہ میرٹ پر کرکٹرز کا انتخاب کریں۔

انہوں نے جس نیک نیتی سے کرکٹ کھیلی ہے اسی دیانت داری اور نیک نیتی سے ٹیم بھی منتخب کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ وہ چاہیں گے کہ ایسے باصلاحیت اور تجربہ کار کرکٹرز سامنے لائے جائیں جن میں سے دو ہزار پندرہ کے عالمی کپ کے لیے متوازن ٹیم تشکیل دی جا سکے۔

معین خان نے کہا کہ ان کی تقرری کسی خاص مدت کے لیے نہیں کی گئی ہے۔

رواں ماہ سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مطلع کردیا تھا کہ وہ چیف سلیکٹر کے عہدے پر مزید برقرار رہنا نہیں چاہتے۔اقبال قاسم نے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں وضاحت کی کہ انھوں نے استعفی نہیں دیا بلکہ ان کی میعاد مکمل ہوگئی ہے اور اب وہ مزید یہ ذمہ داری نبھانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔