جمی کونرز شاراپووا کے نئے ٹینس کوچ

 ماریہ شاراپوواگزشتہ دنوں ویمبلڈن کے دوسرے راؤنڈ میں ہار گئی تھیں
،تصویر کا کیپشن ماریہ شاراپوواگزشتہ دنوں ویمبلڈن کے دوسرے راؤنڈ میں ہار گئی تھیں

ٹینس کی سٹار کھلاڑی ماریہ شاراپووا نے آٹھ بار گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے والے معروف کھلاڑی جمی کونرز کو اپنا نیا کوچ مقرر کیا ہے۔

چھبیس سالہ شاراپووا نے کہا ’ہوگسٹیڈ مستقبل میں سفر کرنے کے قابل نہیں تھے اسی لیے میں نے ساٹھ سالہ جمی کونرز کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے‘۔

انھوں نے کہا ’ہم اپنی نئی شراکت داری کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں اور ہم آنے والے ٹورنامنٹ کی جانب دیکھ رہے ہیں‘۔

دوسری جانب کانرس نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا’میں چار بار گرینڈ سلیم کی فاتح رہنے والی ماریہ شاراپووا کے ساتھ کام کرنے کے لیے کافی پرجوش ہوں۔ ہمارا مقصد گرینڈ سلیم کی تعداد میں اضافہ ہے۔ ہم آنے والے دنوں میں تھوڑے مزے اور سخت محنت کی امید کرتے ہیں‘۔

ماریہ شاراپووا جو گزشتہ دنوں ویمبلڈن کے دوسرے راؤنڈ میں مشیلے لارچر دا برٹو سے ہار گئیں تھیں نے جمعرات کو اپنے کوچ تھامس ہوگسٹیڈ سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

جمی کونرز نے پانچ بار یو ایس اوپن، دو بار ویمبلڈن اور ایک بار آسٹریلين اوپن کا ٹائیٹل جیتا ہے
،تصویر کا کیپشنجمی کونرز نے پانچ بار یو ایس اوپن، دو بار ویمبلڈن اور ایک بار آسٹریلين اوپن کا ٹائیٹل جیتا ہے

اپنے سابق کوچ سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے شاراپووا نے کہا ’قریب تین سال تک ساتھ کام کرنے کے بعد تھامس ہوگسٹیڈ اور میں نے اپنے اپنے راستے جدا کرنے کا فیصلہ کیاہے۔‘

یاد رہے کہ شارا پووا نے سنہ 2008 میں آسٹریلین اوپن سے قبل امریکی ٹینس کھلاڑی جمی کونرز کے ساتھ کام کیا تھا۔

انھوں نے سنہ 2004 اور 2008 کے درمیان تین گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس جیتے اور پھر سنہ 2012 میں فرنچ اوپن میں بھی کامیابی حاصل کی۔

اس سے قبل جمی کونرز نے اینڈی راڈک کو کوچ کیا تھا۔

کونرز نے راڈک کو سنہ 2006 میں یو ایس اوپن کے فائنل تک پہنچنے میں مدد کی تھی۔ ان کی تربیت میں راڈک سنہ 2007 کے آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچے تھے اور مارچ سنہ 2008 میں علیحدہ ہونے سے قبل انھوں نے راڈک کو ویمبلڈن اور یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنلز میں پہنچنے میں بھی مدد کی تھی۔

جمی کونرز نے پانچ بار یو ایس اوپن، دو بار ویمبلڈن اور ایک بار آسٹریلين اوپن کا ٹائیٹل جیتا ہے۔

وہ جولائی سنہ 1974 سے اگست سنہ 1977 تک ٹینس کے نمبر ایک کھلاڑی رہے تھے۔