کیچ کی غلط اپیل پر دنیش کے خلاف کارروائی

رام دین پر یہ الزام پاکستان کے کپتان مصباح الحق کے خلاف کیچ کی غلط اپیل کرنے پر لگایا گیا
،تصویر کا کیپشنرام دین پر یہ الزام پاکستان کے کپتان مصباح الحق کے خلاف کیچ کی غلط اپیل کرنے پر لگایا گیا

کرکٹ کے عالمی ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی دنیش رام دین پر لندن میں جمعہ کو پاکستان کے خلاف میچ کے دوران ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کی فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق دنیش رام دین چیمپیئنز ٹرافی کے میچ کے دوران آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کی لیول 2 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔

رام دین کے خلاف یہ شکایت میچ کے آن اور آف فیلڈ امپائروں نے درج کروائی تھی۔

وکٹ کیپر رام دین پر یہ الزام پاکستان کے کپتان مصباح الحق کے خلاف کیچ کی غلط اپیل کرنے پر لگایا گیا ہے۔ امپائر نے ابتدائی طور پر مصباح کو اس اپیل کے نتیجے میں آؤٹ قرار دیا لیکن دوبارہ جائزہ لینے پر پتا چلا کہ رام دین گیند پکڑنے میں ہی ناکام رہے تھے۔

جب مصباح کو آؤٹ قرار دیا گیا تو انہوں نے کوئی رن نہیں بنایا تھا اور بعد میں وہ 96 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ رام دین کا رویہ کھیل کی روح کے منافی تھا تاہم دنیش رام دین نے اس الزام سے انکار کیا ہے اور اب پیر کو لندن میں اس معاملے کی سماعت ہوگی۔

لیول 2 کی خلاف ورزی پر کھلاڑی کو پچاس سے سو فیصد میچ فیس بطور جرمانہ ادائیگی کے علاوہ دو میچوں کی پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

مصباح الحق نے بھی میچ کے بعد دنیش رام دین کی اس حرکت پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اسے (رام دین کو) امپائر کو اصلیت بتا دینی چاہیے تھی۔ میں نہیں جانتا اس وقت ان کے ذہن میں کیا تھا۔ اگر میرا وکٹ کیپر ایسا کرتا تو میں یہ حرکت بالکل پسند نہ کرتا‘۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’اگر آپ کو یقین نہیں کہ یہ کیچ ہے پھر تو بات اور ہے لیکن جب آپ جانتے ہیں کہ کیچ نہیں ہوا پھر آؤٹ کرنے کا دعوٰی کرنا کھیل کی روح کے خلاف ہے۔‘