بھارت نے سری لنکا کو ہرا دیا

کوہلی نے 144 رنز کی شاندار اننگز کھیلی
،تصویر کا کیپشنکوہلی نے 144 رنز کی شاندار اننگز کھیلی

انگلینڈ میں چھ جون سے شروع ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی سے قبل وارم اپ میچ میں بھارت نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

سری لنکا نے بھارتی ٹیم کو فتح کے لیے 334 رنز کا بڑا ہدف دیا تاہم ویرات کوہلی اور دنیش کارتک کی سنچریوں کی بدولت وہ اسے حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

برمنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو صحیح ثابت نہ ہوا اور سری لنکن اوپنرز نے ٹیم کو 160 رنز کا آغاز دیا۔

اس موقع پر کوشل پریرا 82 رنز بنا کر ریٹائر ہوگئے۔ ان کے ساتھی تلکارتنے دلشان نے 84 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ بھی دیگر بیٹسمینوں کو پریکٹس کا موقع دینے کیلیے ریٹائر ہوئے۔

بھارت کو پہلی وکٹ تیسویں اوور میں اس وقت ملی جب ایشانت شرما نے مہیلا جیا وردھنے کو آؤٹ کیا۔

بعد میں آنے والے سری لنکن بلے بازوں میں سنگا کارا 45 اور چندی مل 46 رنز بنا کر نمایاں رہے اور سری لنکا نے مقررہ پچاس اوور میں 333 رنز بنا ڈالے۔

جواب میں بھارت کو ابتدا میں ہی شیکھر دھون کے رن آؤٹ ہون سے پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔ 110 رنز تک سکور پہنچا تو بھارت کی چار وکٹیں گر چکی تھیں۔

تاہم اس موقع پر ویرات کوہلی اور دنیش کارتک کی جوڑی نے جم کر بلے بازی کی اور اپنی ٹیم کو فتح کے قریب لےگئے۔

کوہلی نے 144 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور جب وہ آؤٹ ہوئے تو بھارت فتح سے 37 رنز دور تھا۔

ان کے بعد کپتان دھونی نے کارتک کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ انداز میں ٹیم کو فتح دلوائی۔ دنیش کارتک 106 رنز اور دھونی 18 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔