جاپان کے معمر کوہ پیما نے ایورسٹ سر کر لی

 80 سال کے معمر کوہ پیماں نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماونٹ ایورسٹ سر کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے
،تصویر کا کیپشن 80 سال کے معمر کوہ پیماں نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماونٹ ایورسٹ سر کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے

جاپان سے تعلق رکھنے والے 80 سال کے معمر کوہ پیما نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

ان سے پہلے سنہ 2008 میں نیپال کے کوہ پیما من بہادر شرچان نے 76 سال کے عمر میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا ریکارڈ بنایا تھا جسے جمعرات کی صبح چاپان کے یوچیرو میورا نے توڑ دیا ہے اورماؤنٹ ایورسٹ تک پہچنے والے دنیا کے معمر ترین کوہ پیما کا عزاز حاصل کر لیا۔

جاپانی کوہ پیما نے اس سے پہلے بھی دو مرتبہ ایورسٹ کی بلندیوں تک پہنچے تھے۔ انھوں نے 70 اور 75 برس کی عمر میں ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کیا تھا۔

جاپانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ وہ مقرر وقت سے سات گھنٹے پہلے اپنے مقام پر پہنچے۔

سٹیلائٹ ٹیلی فون کے ذریعے اپنے خاندان سے بات چیت میں یوچیرو میورا نے کہا ’ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں 80 سال کی عمر میں ماؤنٹ ایورسٹ کی بلندی پر پہنچوں گا یہ زندگی کا بہترین احساس ہے کہ 80 سال میں بھی میں یہ بہت بہتر کر سکتا ہوں‘۔

خبر رساں ایجنسی اے پی سے بات چیت میں نیپال کے کوہ پیمائی کے حکام نے جاپانی کوہ پیما کی جانب سے چوٹی سر کرنے کی تصدیق کی ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائیٹر کے مطابق یوچیرو میورا کے ہمراہ اُن کے بیٹے سمیت تین دوسرے جاپانی کوہ پیما بھی تھے۔

دنیا کے تیز ترین کوہ پیمائی ریکارڈ بنانے والے یوچیرو میورا عارضۂ قلب میں مبتلا ہیں۔

ایورسٹ سر کرنے سے پہلے یوچیرو میورا نے کہا تھا کہ اس عمر میں ایورسٹ سر کرنا ان کی ہمت کے لیے ایک چیلنج تھا۔

انھوں نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا ’ایورسٹ کی بلندیوں پر عمر کی حد 80 سال ہو تو اس سے زیادہ خوشی کی کیا بات ہو سکتی ہے‘۔