چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم کا اعلان

بھارتی کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ میں آئندہ ماہ ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔
بھارتی ٹیم کے اوپنر بلے باز اور آئی پی ایل میں کولکاتہ نائٹ رائڈر کی کپتانی کرنے والے گوتم گنبھیر کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
آل راؤنڈر یووراج سنگھ اور اجنکیا ریہانے کو ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے جبکہ وریند سہواگ بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔
عرفان پٹھان کی ایک عرصے کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ ان کی واپسی کا سبب آئی پی ایل میں ان کی بظاہر عمدہ کارکردگی ہے۔
عرفان کے علاوہ ونے کمار بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
بھارت میں جاری آئی پی ایل میچوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہر کرنے والے وکٹ کیپر بلے باز دینیش کارتک اور تیز گید باز امیش یادو کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
بی سی سی آئی نے اپنی پریس ریلیز میں کہا ہے کہ ٹیم کا انتخاب کرنے کے لیے سنیچر کی صبح ممبئی میں سندیپ پاٹل کی قیادت میں سلیکٹروں کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں چیمپیئنز ٹرافی کے بعد ویسٹ انڈیز میں ہونے والے سہ فریقی ٹورنامنٹ کے لیے بھارت کے 21 ممکنہ کھلا ڑیوں کی بھی فہرست جاری کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے میچز 6 سے 23 جون تک انگلینڈ میں کھیلے جائيں گے۔
چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پندرہ رکنی بھارتی ٹیم میں مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، شکھر دھون، ویرات کوہلی، سوریش رینا، دینیش کارتک، مرلی وجے، روہت شرما، روندر جڈیجہ، آر اشون، عرفان پٹھان، امیش یادو، بھوونیشور کمار، ایشانت شرما، امیت مشرا اور وینے کمار شامل ہیں۔



