’پیٹرسن ٹیسٹ سیریز میں شرکت نہیں کریں گے‘

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے بلے باز کیون پیٹرسن گھٹنے کی تکلیف کے باعث مئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں شرکت نہیں کریں گے۔
بتیس سالہ پیٹرسن نے زخمی ہونے کے باعث گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کے شہر آک لینڈ میں مہمان ٹیم کے خلاف فائنل ٹیسٹ میں شرکت نہیں کی تھی۔
کیون پیٹرسن کو گھٹنے کی تکلیف گزشتہ ماہ کوئز ٹاؤن میں ایک وارپ اپ میچ میں شروع ہوئی تھی۔
پیٹرسن نے گھٹنے کی تکلیف کے باعث جنوبی افریقہ کے خلاف ڈیونڈن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔
انگلش بلے باز نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 12 جبکہ ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میں 73 رنز بنائے تھے۔
انگلش بلے باز کا اپنے ٹوئٹ پیغام پر کہنا تھا ’کسی بھی سپورٹس مین کے لیے زخمی ہونا ڈراونا خواب ہوتا ہے اور میری گھٹنے کی تکلیف مجھے بہت متاثر کر رہی ہے‘۔
ادھر انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کیون پیٹرسن کا آئندہ ہفتے سکین کیا جائے گا جس کے بعد پتہ چلے گا کہ وہ دوبارہ کب ٹریننگ شروع کر سکتے ہیں۔
انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کیون پیٹرسن نیوزی لینڈ کے خلاف مئی سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں زخمی ہونے کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
خیال رہے کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ سولہ مئی سے لارڈز کے میدان میں کھیلا جائے گا۔
انگلش ٹیم کے کوچ اینڈ فلاور کا پیٹرسن کے بارے میں کہنا ہے کہ انہیں 2013 کے مصروف شیڈول کے لیے مکمل طور پر فِٹ ہونے کے لیے آرام کی ضرورت ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سریز کے بعد چیمپئین ٹرافی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گی جس کے بعد وہ آسٹریلیا کے خلاف دس جولائی سے پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ’ایشز سیریز‘ بھی کھیلے گی۔



