سکیئنگ:’پاکستان سرمائی اولمپکس میں حصہ لے گا‘

محمد عباس نے 2010 میں کینیڈا میں منعقد ہوئی سرمائی اولمپکس میں حصہ لیا تھا
،تصویر کا کیپشنمحمد عباس نے 2010 میں کینیڈا میں منعقد ہوئی سرمائی اولمپکس میں حصہ لیا تھا

پاکستان کی سکینگ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سکیئرز کو سرمائی اولمپکس کے لیے دوسری بار کوالیفائی کر لیا ہے اور امید کی ہے کہ ملک میں اس کھیل کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

پاکستان سکینگ فیڈریشن کے عہدیدار افتخار باجوہ نے کہا ’پاکستان کی سکینگ ٹیم نے یورپ اور ایشیا میں مختلف مقابلوں میں حصہ لیا اور سرمائی اولمپکس 2014 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کھلاڑی میر نواز، محمد کریم اور محمد عباس نے پچھلے ماہ اٹلی، ترکی اور لبنان میں مختلف ایونٹس میں حصہ لیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل محمد عباس نے 2010 میں کینیڈا میں منعقد ہوئی سرمائی اولمپکس میں حصہ لیا تھا۔

افتخار باجوہ نے کہا کہ اولمپکس میں حصہ لینے کے باعث امید کی جا رہی ہے کہ پاکستان میں اس کھیل کو مزید فروغ ملے گا۔

’یہ بہت اہم موقع ہے پاکستان کے لیے۔ ایک بار تینوں کھلاڑی جنوری میں پانچ ریسیں مکمل کر لیں گے اس کے بعد بہترین کھلاڑی کا انتخاب کیا جائے گا۔‘