
اولمپک کا پرچم برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو پہنچ گیا ہے جو 2016 میں ہونے والے اولمپک مقابلوں کا میزبان ہے۔
ریو ڈی جنیرو کے میئر ایڈوارڈو پیس نے شہر کے ائر پورٹ پر پہنچنے کے بعد جہاز سے باہر نکل کر پرچم لہرایا۔
اس جہاز میں لندن اولمپکس میں حصہ لینے والے برازیل کے کھلاڑی، اولمپک دو ہزار سولہ مقابلوں کے چیئرمین اور ریو کے گورنر سوار تھے۔
خیال رہے کہ ریو ڈی جنیرو جنوبی امریکہ کا پہلا شہر ہے جہاں پر اولمپکس کا انعقاد ہو رہا ہے۔
ابھی تک شہر میں اولمپک پارک اور کھیلوں کے دیگر مقامات کی تعمیر ہونا باقی ہے جس کی وجہ سے کئی لوگوں نے خدشات کا اظہار کیا ہے کہ مقابلوں سے پہلے ابھی بہت سارا کام کرنا باقی ہے۔
جون میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ارکان نے شہر کے دورے کے دوران کہا تھا کہ’تیاریوں کے حوالے سے ٹائم لائن پہلے ہی بہت جکڑی ہوئی ہے اور ابھی قابل ذکر کام مکمل ہونا باقی ہے۔‘
شہر کے ٹرانسپورٹ نظام پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے کیونکہ یہ نظام پہلے ہی بمشکل شہر کی ساٹھ لاکھ آبادی کا بوجھ اٹھا رہا ہے۔
تاہم میئر ایڈوارڈو پیس کے مطابق وہ شہر کے ڈھانچے کو تبدیل کر کے رکھ دیں گے جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ اولمپکس مقابلوں کے میدانوں کو کھیلوں کے انعقاد سے ایک سال پہلے ہی مکمل کر لیا جائے گا۔
بی بی سی کے نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ برازیل کو اولمپکس کی تیاریوں کے حوالے سے یہاں سال دو ہزار چودہ میں فٹبال کے عالمی کپ کے انعقاد سے بہت فائدہ پہنچ سکتا ہے۔






























