انگلینڈ:’انضباطی کارروائی چیلنج کریں گے‘

،تصویر کا ذریعہPA
انگلش فٹبال ایسوسی ایشن نے یورو 2012 مقابلوں کے ایک میچ کے دوران انگریز تماشائیوں کے میدان میں داخل ہونے کی کوشش سے متعلق یورپی فٹبال ایسوسی ایشن کی انضباطی کارروائی کو چیلینج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ واقعہ انگلینڈ اور سویڈین کے مابین کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا تھا۔
اس میچ میں انگلینڈ کی ٹیم دو ایک کے خسارے میں تھی لیکن متبادل کھلاڑی تھیو والکاٹ کے میدان میں اترنے کے بعد میچ کا پانسا پلٹ گیا اور انگلینڈ نے یہ میچ تین دو کے سکور سے جیت لیا۔
یورپی فٹبال ایسوسی ایشن کی انضباطی باڈی انگلش فٹبال ایسوسی ایشن پر جرمانہ عائد کرنے کے معاملے پر بیس جون کو غور کرے گی اور یوئیفا کے ایک بیان کے مطابق ان کی تحقیق سویڈن اور انگلینڈ کے مابین ہونے والے میچ کے دوران انگلش تمائشائیوں کے رویے کےگردگھومتی ہے۔
اب سامنے آنے والی تازہ اطلاعات کے مطابق انگلش فٹبال ایسوسی ایشن معاملے کی سماعت سے قبل ہی بدھ کو یوئیفا کے سامنے تحریری ثبوت پیش کرے گی۔ ان ثبوتوں میں یوئیفا کے میچ ڈیلیگیٹ کی رپورٹ کا حوالہ دیا گیا ہے جنہوں نے انگریز تماشائیوں کے رویے کو قابلِ اطمینان قرار دیا تھا۔
دو ہفتے قبل یورو کپ کے شروع ہونے کے بعد یورپی فٹبال ایسوسی ایشن کئی ممالک کی فٹبال ایسوسی ایشنز پر جرمانے عائد کر چکی ہے۔
یورپی فٹبال ایسوسی ایشن نے روس اور جمہوریہ چیک کے مابین میچ کے دوران روسی تماشائیوں کی جانب سے ممنوعہ بینر لہرانے اور آتش بازی کے مظاہرہ کرنے کی پاداش میں یورو 2016 کوالیفائنگ کے لیے روس کے چھ پوائنٹ منہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس کے علاوہ یوئیفا جمہوریہ آئرلینڈ اور کروشیا کے میچ کے دوران کروٹ تماشیوں کے رویے کی وجہ سے کروشیا کی فٹبال ایسوسی ایشن پر 25000 ڈالر کا جرمانہ عائد کر چکی ہے۔
اسی طرح یوئیفا نے جرمنی اور پرتگال کے تماشائیوں کے نامناسب رویوں کی وجہ سے ان دونوں ممالک کی فٹبال ایسوسی ایشنز پر بھی جرمانے کیے ہیں۔



