سو سالہ فوجا سنگھ میراتھن میں حصہ لیں گے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
سکاٹ لینڈ کے شہر ایڈنبرا میں منعقد ہونے والی میراتھن میں ایک سو ایک سالہ بھارتی نژاد برطانوی شہری فوجا سنگھ شرکت کر رہے ہیں۔
فوجا سنگھ ستائیس ہزار سے زائد افراد کے ساتھ میراتھن میں دوڑنے والے سب سے عمر رسیدہ شخص ہونگے۔
فوجا سنگھ نہ صرف چھبیس میل کی فل میراتھن میں حصہ لیں گے بلکہ دس کلومیٹر کی ہاف، پانچ کلومیٹر اور جونئیر ریس میں حصہ لیں گے۔
فوجا سنگھ اپریل میں لندن کی میراتھن میں آٹھ بار حصہ لینے کے بعد فل میراتھن میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں تاہم وہ ایڈنبرا کی ریس میں حصہ لیں گے۔
ایڈنبرا میں منعقدہ دسویں میراتھن سکاٹ لینڈ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے۔
اس برس ایڈنبرا میں منقعد ہونے والے میراتھن میں دنیا کے چند بہترین ایتھلیٹ بھی شرکت کریں گے۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
ایڈنبرا میں یہ میراتھن سال دو ہزار تین میں شروع ہوئی تھی اور اس کے انعقاد سے سکاٹ لینڈ کو پچیس ملین پاؤنڈ کے معاشی فوائد بھی حاصل ہوئے ہیں۔
فوجا سنگھ سنہ انیس سو گیارہ میں بھارت میں پیدا ہوئے تھے۔ فوجا سنگھ جب نواسی برس کے تھے تب ایک حادثے میں ان کے بیٹے اور اہلیہ کی موت ہو گئی، جس کے بعد فوجا سنگھ اکیلے ہوگئے اور انہیں ڈپریشن کی بیماری ہوگئی تھی۔
مایوسی اور غم سے لڑنے کے لیے فوجا سنگھ نے دوڑنا شروع کیا اور جلد ہی ان کی یہ کوشش شوق میں بدل گئی اور انہیں دوڑنے میں مزا آنے لگا۔
فوجا سنگھ ایک لمبے عرصے سے انگلینڈ میں قیام پذیر ہیں لیکن وہ اچھی پنجابی بولتے ہیں۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ انہیں دوڑنے میں بے حد مزہ آتا ہے۔



