برطانوی فٹ بالر رونی کے والد گرفتار

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
بی بی سی سکاٹ لینڈ کو پتہ چلا ہے کہ انگلینڈ کے مشہور فٹ بالر وائن رونی کے والد سمیت نو افراد کو جوئے میں بے قاعدگی کے الزامات میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
وائن رونی سینئر اور سات دیگر افراد کو مرسی سائیڈ سے جبکہ مدرویل فٹ بال کلب کی جانب سے کھیلنے والے سٹیو جیننگز کو ان کے گلاسگو میں واقع گھر سے گرفتار کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان افراد کو فریب دینے کی سازش کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ مبینہ بے قاعدگیاں مدرویل اور ہارٹز فٹ کلب کے درمیان ہونے والے ایک میچ کے دوران سامنے آئیں۔
واضح رہے کہ برطانیہ کی بک میکر ایسوسی ایشن نے چودہ دسمبر سنہ دو ہزار دس کو کھیلے جانے والے میچ پر لگائی جانے والی شرطوں کی بڑی تعداد پر اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا۔
اس میچ کے دوران مدرویل فٹ بال کلب کی جانب سے کھیلنے والے سٹیو جیننگز کو فاؤل کرنے اور ریفری کو برا بھلا کہنے پر سرخ کارڈ دکھا کر باہر بھیج دیا گیا تھا۔
مدرویل فٹ بال کلب یہ میچ دو کے مقابلے میں ایک گول سے ہار گیا تھا۔
لیورپول سے تعلق رکھنے والے چھبیس سالہ سٹیو جیننگز نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔



